Live Updates

خیبرپختونخوا میں ٹریفک چالان کی آن لائن ادائیگی کا نظام متعارف کرایا گیا،شفقت آیاز

ہفتہ 2 اگست 2025 22:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2025ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ٹریفک چالان کی آن لائن ادائیگی کا نظام متعارف کرایا گیا ہے، جو بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ڈیجیٹل وژن پر عملدرآمد اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں شروع ہونے والی اصلاحاتی مہم کا حصہ ہے۔

ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ اس جدید نظام کے تحت شہری اب بینک کی قطاروں میں لگنے یا دفاتر کے چکر کاٹنے کے بجائے اپنے ٹریفک چالان آن لائن جمع کرا سکیں گے، جس سے نہ صرف عوام کو سہولت میسر آئے گی بلکہ سرکاری نظام میں شفافیت کے ساتھ ساتھ کارکردگی بھی بڑھے گی۔انہوں نے کہا کہ آن لائن چالان سسٹم سے حکومتی محاصل میں بہتری آئے گی، کرپشن کی گنجائش ختم ہوگی، اور عوام کا قیمتی وقت اور وسائل محفوظ ہوں گے۔

(جاری ہے)

یہ اقدام ای گورننس کی طرف ایک اہم قدم ہے جس کا مقصد عوام کو سہولیات دینا اور نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور عوامی خدمت، شفافیت، اور ڈیجیٹل خیبرپختونخوا کے عزم پر گامزن ہیں اور یہ اقدام اسی وژن کا عملی ثبوت ہے۔معاونِ خصوصی نے اس موقع پر آئی ٹی اور محکمہ پولیس کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اسی طرح کے جدید اقدامات سے خیبرپختونخوا ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہوگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات