اسپتالوں میں سہولیات کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ہرگزبرداشت نہیں کی جائے گی ، کمشنرملتان

ہفتہ 2 اگست 2025 22:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر نشتر اسپتال ملتان میں طبی سہولیات کی بہتری اور انتظامی اصلاحات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں اسپتال سے متعلق مختلف امور اور مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران اسپتال کے عملے کے رویے، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے معاملات زیر غور آئے۔ کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق اسپتالوں میں سہولیات کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ۔ کمشنر ملتان عامر کریم خان کا کہنا تھا کہ مریضوں یا ان کے لواحقین سے کسی بھی قسم کی بدتمیزی یا غیر اخلاقی رویہ ناقابلِ قبول ہے اور عملے کو سختی سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ کسی مریض یا تیماردار سے پیسے نہ لیں جبکہ محکمہ صحت کی جانب سے ڈاکٹروں کو ڈیوٹی کے دوران موبائل فون کے استعمال سے روکنے کے احکامات بھی جاری کیے جا چکے ہیں ، مریضوں کو وہیل چیئر یا اسٹریچر کی فراہمی کے لیے شناختی کارڈ کی شرط ختم کر دی گئی ہے، اب صرف لواحقین کا نام اور موبائل نمبر درج کیا جائے گا تاکہ سہولت میں رکاوٹ نہ آئے ۔

(جاری ہے)

کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ وارڈ بوائے اور معاون عملے کو وہیل چیئر یا اسٹریچر کی واپسی یقینی بنانے کا پابند کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سرجیکل یونٹس کی تقسیم ختم کر کے ایک مرکزی یونٹ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ مریضوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں ۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اگر کسی وارڈ کی گنجائش مکمل ہو جائے تو مریض کو فوری طور پر دوسرے وارڈ میں منتقل کر کے طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔

کمشنر نے نشتر اسپتال میں غیر معیاری اشیائے خوردونوش کی فروخت پر کینٹین کے معاہدے منسوخ کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ اسپتال کی پارکنگ میں اوور چارجنگ کی شکایات پر مکمل انکوائری کر کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، جس کی نگرانی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی وارڈ کی فوری توسیع مریضوں کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر ناگزیر ہے جبکہ اسپتال مینجمنٹ سسٹم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔

غیر حاضر عملے، میڈیکو لیگل افسران اور غفلت برتنے والے دیگر اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ اس موقع پر ایم ایس نشتر اسپتال ڈاکٹر راؤ امجد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسپتال میں اسٹیٹ آف دی آرٹ لیبارٹری قائم کی گئی ہے اور تمام طبی ٹیسٹ اسپتال میں ہی کروائے جا رہے ہیں ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مبشر الرحمن، اے ڈی سی جی سیف، وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر مہناز خاکوانی اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

بعدازاں کمشنر عامر کریم نے نشتر اسپتال کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کر کے دستیاب سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر انہوں نے ادویات کے سٹاک رجسٹر، صفائی کی صورتحال اور دیگر انتظامی امور کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔