سید یوسف رضا گیلانی کی چچا زاد بھائی مرحوم سید تنویر الحسن گیلانی کی رسم سوئم میں شرکت

ہفتہ 2 اگست 2025 23:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے چچا زاد بھائی صدرانجمن اسلامیہ و سابق وفاقی وزیر مرحوم مخدوم سید تنویر الحسن گیلانی کی رسم سوئم میں شرکت کی، انہوں نے مرحوم کی مغفرت اور بلند ی درجات کیلئے دعا کروائی۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو چیئرمین سینیٹ نے مرحوم تنویر الحسن گیلانی کی رسم سوئم میں شرکت کی اور دعا کروائی۔

رسم سوئم میں سابق رکن قومی اسمبلی مخدوم جاوید ہاشمی،سید غلام یزدانی گیلانی،سید ابو الحسن گیلانی، احمد مجتبی گیلانی،سید سہیل حسن گیلانی، طفیل محی الدین گیلانی، راجن بخش گیلانی اور گیلانی خاندان کے دیگر اکابرین کے علاوہ پیر آف کوٹ مٹھن مخدوم عامر کوریجہ اور دیگر بھی شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اس موقع مخدوم سید تنویر الحسن گیلانی مرحوم کے صاحبزادگان سید عامر حسن گیلانی اور سید عمران حسن گیلانی نے اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ مرحوم مخدوم سید تنویر الحسن گیلانی کی روح کے ایصال ثواب کے لیے قل خوانی سات اگست 2025ء جمعرات بعد نماز عصر دربار حضرت موسی پاک شہید بیرون پاک گیٹ ملتان میں ہوگی۔

جس میں ملک بھر سے مریدین اور عقیدت مند علما مشائخ سیاسی و سماجی شخصیات شرکت کریں گے۔رسم سوئم میں مرحوم مخدوم سید تنویر الحسن گیلانی کی سیاسی ،سماجی اور خاص طور پر ربیع الاول کے موقع پر دی جانے والی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔سید عامر حسن اور سید عمران حسن گیلانی نے کہا کہ انشااللہ 12 ربیع الاول کو حسب روایت انجمن اسلامیہ کے زیر اہتمام 97 سالہ جشن ولادت نبی کریم محمد (صل اللہ علیہ و آلہ وسلم) کا جلوس شایان شان طریقے سے نکالا جائے گا۔