پاکستان فرنیچر کونسل کا وفد برطانیہ کے 10 روزہ دورے کے بعد واپس پہنچ گیا

اتوار 3 اگست 2025 12:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) پاکستان فرنیچر کونسل کا وفد چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق کی قیادت میں برطانیہ کے 10 روزہ دورے کے بعد واپس پہنچ گیا۔ اتوار کو یہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے میاں کاشف اشفاق نے بتایا کہ یہ دورہ تجارتی مواقع کی تلاش، کاروباری روابط میں اضافہ اور بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستان کی اعلی و عالمی معیار کی فرنیچر مصنوعات کی نمائش کے لئے پی ایف سی کی کوششوں کا حصہ ہے۔

وفد نے پاکستانی دستکاری کو فروغ دینے اور ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے برطانوی سرمایہ کاروں، فرنیچر درآمد کنندگان اور صنعت کاروں کے ساتھ نتیجہ خیز ملاقاتیں کیں۔ میاں کاشف اشفاق نے پاکستانی فرنیچر کی بڑھتی ہوئی عالمی مانگ پر روشنی ڈالی اور اس کے منفرد ڈیزائنوں، مسابقتی قیمتوں اور پائیداری کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

پی ایف سی کے سربراہ نے کہا کہ وہ برطانیہ اور دیگر یورپی منڈیوں میں پاکستان کی فرنیچر کی برآمدات کو وسعت دینے کے حوالے سے بہت پر امید ہیں۔

انہوں نے برطانوی سرمایہ کاروں اور صدر پاک برٹش فرینڈ شپ کونسل نارتھ ویسٹ چیپٹر یو کے محمد ارباب خان کو پاکستان میں موافق حالات، ہنر مند لیبر اور کم پیداواری لاگت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مشترکہ منصوبوں کی تلاش اور مینوفیکچرنگ یونٹس کے قیام کی دعوت دی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس دورے سے تجارت اور سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھلیں گی اور فرنیچر کی صنعت کو فروغ ملے گا۔ میاں کاشف اشفاق نے دو طرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے پی ایف سی کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستانی تارکین وطن اور برطانوی تاجر برادری کا شاندار پذیرائی پر شکریہ ادا کیا۔