کوٹری سائٹ پولیس کی کارروائی،منشیات سے بھری ہوئی گاڑی برآمد،ملزم گرفتار،مقدمہ درج کرلیاگیا

اتوار 3 اگست 2025 14:10

کوٹری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)کوٹری سائٹ پولیس نے کامیاب کارروائی کرکے منشیات سے بھری ہوئی گاڑی برآمد کرلی جبکہ ملزم گرفتارکرکے مقدمہ درج کرلیاگیاہے۔ایس ایس پی جامشورو ظفر صدیق چھانگا کی خصوصی ہدایات پر سائٹ کوٹری پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی منتقلی کا منصوبہ ناکام بنادیا۔ڈی ایس پی کوٹری شاہنواز جوکھیو کی سپرویژن میں ایس ایچ او سائٹ کوٹری انسپیکٹر سیف اللہ بگھیو کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد عرفان ولد محمد فاروق میمن کو گرفتار کرلیا۔

ملزم کے قبضے سے گاڑی نمبر KN-3768 ویگو میں منشیات میں استعمال ہونے والا چورا کے 40 بیگ میں 400 کلو گرام برآمد کی گئی۔ برآمد شدہ منشیات کو ضبط کر کے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی جامشورو ظفر صدیق چھانگا نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ معاشرے کو منشیات جیسی لعنت سے پاک کرنے کے لیے ایسے اقدامات جاری رہیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ عوام کے تعاون سے اس ناسور کے خلاف جنگ کو مزید موثر بنایا جا سکتا ہے، اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ مشتبہ سرگرمیوں کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں۔