ڈیرہ اسماعیل خان کے دو اہم تاریخی مقامات کافر کوٹ اور رحمان ڈھیری کی سائنسی بنیادوں پر بحالی اور تحفظ کا عمل جاری ہے، ڈاکٹر عبدالصمد

اتوار 3 اگست 2025 14:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) ڈائریکٹر جنرل محکمہ آثار قدیمہ و عجائب گھر خیبر پختونخوا ڈاکٹر عبدالصمد نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے دو اہم تاریخی مقامات کافر کوٹ اور رحمان ڈھیری کی سائنسی بنیادوں پر بحالی اور تحفظ کا عمل جاری ہے۔ اتوار کو محکمہ کی جانب سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کی تاریخی اہمیت اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کےلیے حکومت خیبر پختونخوا سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی قیادت میں صوبے میں آثارِ قدیمہ کے مقامات کی بحالی اور تحفظ کو ترجیحی ہدف بنایا گیا ہے، اسی وژن کے تحت خیبر پختونخوا انٹیگریٹڈ ٹورازم ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے ذریعے ڈیرہ اسماعیل خان کے دو اہم تاریخی مقامات کافر کوٹ اور رحمان ڈھیری کی سائنسی بنیادوں پر بحالی اور تحفظ کا عمل جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کافر کوٹ قلعہ نما بدھ مت دور کے آثار ہیں جو گندھارا تہذیب کی شان دار مثال ہیں جبکہ رحمان ڈھیری دنیا کی قدیم ترین شہری آبادیوں میں سے ایک ہے جو وادی سندھ کی تہذیب سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کا مقصد نہ صرف آثارِ قدیمہ کو محفوظ بنانا ہے بلکہ سیاحت کو فروغ دینا، مقامی معیشت کو تقویت دینا اور نوجوان نسل کو اپنے ثقافتی ورثے سے جوڑنا بھی ہے، یہ اقدامات جدید سائنسی طریقوں، ماہرین آثارِ قدیمہ کی نگرانی اور بین الاقوامی اصولوں کے مطابق کیے جا رہے ہیں تاکہ پاکستان کا قیمتی تاریخی ورثہ عالمی سطح پر اجاگر ہو اور آئندہ نسلوں تک محفوظ رہ سکے۔