سالم مویشی منڈی بھلوال میں ناجائز منافع خوری اور بے ضابطگیوں پر کارروائی، 15 افراد گرفتار،مقدمہ درج

اتوار 3 اگست 2025 16:50

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) اسسٹنٹ کمشنر بھلوال مدثر ممتاز نے پولیس ٹیم کے ہمراہ سالم مویشی منڈی کا دورہ کر کے مقررہ ریٹ سے زائد فیس وصول کرنے پر ٹھیکیدار سمیت 15 افراد کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن( ر)محمد وسیم نے سالم مویشی منڈی بھلوال میں بےضا بطگیوں اور ناجائز منافع خوری کی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر بھلوال مدثر ممتاز کو فوری طور پر موقع پر پہنچنے اور ایکشن لینے کی ہدایت کی تھی۔

ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر بھلوال نے پولیس اور ریونیو ٹیم کے ہمراہ اچانک منڈی کا دورہ کیا جہاں شکایات کی تصدیق پر کارروائی عمل میں لاتے ہوئے 15 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے مویشی منڈی کے ٹھیکیدار سمیت 15 افراد کے خلاف تھانہ بھلوال میں مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔

(جاری ہے)

ایف آئی آر کے مطابق سالم مویشی منڈی میں جانوروں کی فیس مقررہ ریٹ سے زائد وصول کی جا رہی تھی۔

بڑے جانوروں کی فیس 2 ہزار روپے کے بجائے 25 سو روپے اور چھوٹے جانوروں کی فیس 2 سو روپے کے بجائے 5سو روپے وصول کی جا رہی تھی۔ کسانوں اور خریداروں سے ناجائز وصولی کی شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے پولیس نے موقع پر موجود عملہ گرفتار کیا۔ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم نے کہا کہ عوام کے مفاد کیخلاف ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، مویشی منڈیوں میں شفاف نظام یقینی بنایا جا رہا ہے اور ریٹ سے زائد وصولی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :