چینی زرعی ماہرین کے اعلیٰ سطحی وفد کا کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان کا دورہ

اتوار 3 اگست 2025 17:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) چین کے معروف زرعی ادارے چائنیز اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز (CAAS) کے اعلیٰ سطحی وفد نے اتوار کو کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان کا دورہ کیا ۔ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق وفد میں مسٹر ڈیوڈ، ڈاکٹر شنگ اور مس چائی شامل تھے جبکہ پاکستانی جانب سے ڈائریکٹر گرین پاکستان انیشیٹو بریگیڈیئر (ر) سہیل عشرت کی سربراہی میں پانچ رکنی ٹیم نے نمائندگی کی ۔

دورے کے دوران وفد کو انسٹیٹیوٹ کی جاری تحقیقی سرگرمیوں، اب تک کی نمایاں کامیابیوں اور مستقبل کے اہداف پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر کپاس کی فصل کو درپیش چیلنجز، خصوصاً وائرس، سفید مکھی، تیلے اور گلابی سنڈی جیسے مہلک کیڑوں سے تحفظ کے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔

(جاری ہے)

چینی وفد نے ادارے کی لیبارٹریز اور تجرباتی کھیتوں کا معائنہ بھی کیا جہاں مختلف اقسام کی کاشت کا بغور جائزہ لیا گیا۔

دونوں ممالک نے ایک مشترکہ 3 تا 5 سالہ تحقیقی منصوبے پر اتفاق کیا جس کے تحت چینی اقسام کو پنجاب کے 10 مختلف مقامات پر آزمائشی بنیادوں پر کاشت کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد ان اقسام کی موسمی مطابقت، وائرس و کیڑوں کے خلاف مدافعت کا تجزیہ کرنا ہے ۔مزید برآں، کپاس کی مقامی اقسام کی بہتری، زرعی سائنسدانوں کی تربیت، اور کاٹن بائیوٹیکنالوجی لیب کی فعالیت پر بھی باہمی تعاون پر زور دیا گیا۔

یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان زرعی تحقیق و ترقی میں نئے باب کا آغاز ثابت ہوگا جس سے کپاس کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے ۔دورے کے موقع پر چیف سائنٹسٹ، ایوب ریسرچ فیصل آباد ڈاکٹر ساجدالرحمان ، ڈاکٹر عابد محمود (چیف ایگزیکٹو، PARB)، کاٹن کمشنر ڈاکٹر خادم حسین ، ڈائریکٹر کاٹن ڈاکٹر غلام سرور جبکہ پرائیویٹ سیکٹر سے ڈاکٹر صغیر احمد، ڈاکٹر اقبال بندیشہ سمیت دیگر ماہرین و سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی اور کپاس کی کاشت ونگہداشت بارے اہم تجاویز پیش کیں۔