پاک فوج اور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے اشتراک سے معرکہ حق اور جشن آزادی کی 13 روزہ تقریبات کا آغاز

اتوار 3 اگست 2025 18:20

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) نیلم میں پاک فوج اور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے اشتراک سے معرکہ حق اور جشن آزادی کی 13 روزہ تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ندیم جنجوعہ نےکمانڈر کیل برگیڈ، ایس پی خواجہ صدیق سمیت کیل گراؤنڈ میں معرکہ حق اورجشن آزادی کی رنگا رنگ تقریبات کا افتتاح کیا جو یکم سے 14اگست کی رات تک جاری رہیں گی ۔

13 اگست کوعظیم الشان جشن آزادی ومعرکہ حق ریلی تاوبٹ سے کیرن تک نکالی جائے گی۔ فالکن گراؤنڈ کیل میں عظیم الشان افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں عسکری وسول حکام نے سول سوسائٹی سمیت شرکت کی ڈپٹی کمشنر ندیم جنجوعہ ،ایس پی خواجہ صدیق، اسسٹنٹ کمشنرراجہ بلال، ڈی ایس پی سردار فیاض سرور، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر غلام نبی، ایم ایس ڈاکٹر محمد اشرف سمیت عمائدین علاقہ کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ان تقریبات کے ایک حصے کے طور پر بالائی نیلم اور گریز ویلیز میں 1 سے 14 اگست تک مختلف تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے مقابلے کیے جائیں گے۔ معرکہ حق فیسٹول میں 2 ہفتوں تک جاری رہے گا۔ اس میں تقریری مقابلے، جنرل نالج، پینٹنگ، ماڈل بنانا، پولومیچز (گلگت، چلاس اور کشمیر کی ٹیمیں) ایتھلیٹکس، کرکٹ، والی بال، میراتھن ریس، بیڈمنٹن کے مقابلہ جات ہونگے۔ملین سمائلز فائونڈیشن معرکہ حق اور جشن آزادی تقریبات میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، جملہ تقریبات 13 اگست کو تین اہم واقعات کے ساتھ اختتام پذیر ہوں گی۔