چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ،جنوبی اضلاع میں انسداد پولیو اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال

اتوار 3 اگست 2025 18:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کا مقصد ڈی آئی خان اور بنوں ڈویژن کے لئے اگست سے دسمبر 2025 تک کے ضلعی سطح کے ایکشن پلان کو حتمی شکل دینا تھا۔ اجلاس دو روزہ سیشن پر مشتمل تھا جس میں جنوبی اضلاع میں انسداد پولیو اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں ڈی آئی خان اور بنوں ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کے نمائندوں سمیت تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلعی سطح کے حکمت عملیوں کو صوبائی سطح کی حکمت عملی کے ساتھ ہم آہنگی کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران ضلعی ٹیموں نے اپنے خصوصی آپریشنل پلان پیش کئے جن میں جدید مائیکرو پلاننگ کے طریقہ کار، خامیوں کا تفصیلی تجزیہ اور پولیو وائرس کے خطرے سے دو چار علاقوں میں درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لئے ہدفی حکمت عملی شامل تھیں۔

(جاری ہے)

یہ حتمی پلان اگست تا دسمبر 2025 کے دوران ہونے والی تمام پولیو مہمات کے لئے ایک جامع فریم ورک فراہم کرے گا جو شیڈول مہم سے آگے بڑھ کر آئندہ کی کارروائیوں کے لئے بھی رہنمائی کرے گا۔اجلاس میں نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے کوآرڈی نیٹر، ایڈیشنل سیکرٹری صحت/ای او سی خیبر پختونخوا کے کوآرڈی نیٹر، یونیسیف اور ڈبلیو ایچ او کے ٹیم لیڈز، پولیو ایریڈیکیشن انیشی ایٹو کے تکنیکی فوکل پرسن سمیت نیشنل اور صوبائی ای او سی کے دیگر سینئر ارکان نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :