خیبرپختونخوا ،ممکنہ مون سون بارشوں سے ہونیوالی ہنگامی صورتحال سے بروقت اور موثر انداز میں نمٹنے کیلئے ورکشاپ کا انعقاد

اتوار 3 اگست 2025 19:00

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)خیبرپختونخوا میں ممکنہ مون سون بارشوں اور اس سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے بروقت اور موثر انداز میں نمٹنے کیلئے مون سون 2025کے حوالے سے ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ورکشاپ محکمہ ریلیف، بحالی و آبادکاری خیبرپختونخوا،پی ڈی ایم اے اور آئیڈیا کے تعاون سے مقامی نجی ہوٹل سیدوشریف سوات میں منعقد ہوئی۔

ورکشاپ کا مقصد مون سون کے دوران ممکنہ سیلابی خطرات اور دیگر قدرتی آفات سے مثر انداز میں نمٹنے کے لیے بین المحکماتی ہم آہنگی کو فروغ دینا اور ہنگامی تیاری کو یقینی بنانا تھا۔ ورکشاپ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ)سوات نعمان علی شاہ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر رفیع اللہ، ریپورٹنگ آفیسر سلمان الملک،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر فضل خالق خان، محکمہ ایریگیشن، محکمہ ریلیف، ری ہیبلیٹیشن اینڈ سیٹلمنٹ، ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، سیول ڈیفنس کے افسران و نمائندوں اور مختلف غیر سرکاری تنظیموں کے ماہرین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ورکشاپ کے دوران ڈی آر ایم و کلائمیٹ چینج کوآرڈینیٹر ساجد علی نے ''سمر ہیزرڈ کنٹنجنسی پلان'' پر جامع پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے حکومتِ خیبرپختونخوا کی جانب سے قدرتی آفات کے خطرات سے نمٹنے اور لچکدار صوبہ تشکیل دینے کے عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ضلعی سطح پر آفات سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی اور ادارہ جاتی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

ورکشاپ کے شرکا نے ممکنہ خطرات کی نشاندہی، موجودہ ہم آہنگی کے طریقہ کار کا جائزہ اور ہنگامی ردعمل کے لیے عملی منصوبہ بندی جیسے موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی۔ اس موقع پر اتفاق کیا گیا کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے بروقت اور مثر اقدامات کریں گے تاکہ عوامی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔یہ ورکشاپ حکومت اور سول سوسائٹی کے درمیان اشتراکِ عمل کی ایک عمدہ مثال ہے، جس کا مقصد مون سون کے دوران ممکنہ خطرات کو کم سے کم کرنا اور قدرتی آفات کی صورت میں موثر اور مربوط ردعمل کو یقینی بنانا ہے۔