کمشنر راولپنڈی کی زیر صدارت یومِ استحصال کشمیر کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس

پیر 4 اگست 2025 01:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت پانچ اگست کو یومِ استحصال کشمیر کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئےکمشنر راولپنڈی نے کہا کہ 5 اگست کو یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ تقریبات میں سرکاری و نجی تعلیمی ادارے، تاجر تنظیمیں، سرکاری و غیر سرکاری ادارے بھرپور شرکت کریں گے۔

راولپنڈی آرٹس کونسل میں ڈاکیومنٹری فلمز اور ڈرامے دکھائے جائیں گےجس میں عوام کیلئے داخلہ مفت ہوگا۔ڈویژن بھر کی تمام تحصیلوں اور راولپنڈی شہر میں یکجہتی واکس کا انعقاد کیا جائے گا۔ کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ شہروں کی سڑکوں، چوراہوں اور اہم مقامات پر استحصال کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے بینرز اور بل بورڈز نصب کئے جائیں گے،تمام متعلقہ محکمے یومِ استحصال کشمیر کو مؤثر طریقے سے منانے کیلئے ہم آہنگی سے کام کریں،کشمیری عوام کی آواز پوری دنیا تک پہنچائی جائے گی۔

(جاری ہے)

کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ پاکستانی قوم جموں و کشمیر کے مسئلے کے منصفانہ حل کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔اس سال یومِ استحصال کشمیر کی اہمیت پاکستان کی آپریشن بنیان مرصوص میں کامیابی کے باعث کئی گنا بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے 5 اگست کی تقریبات میں بھارتی مظالم اور مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کو اجاگر کیا جائے گا،سکولز و کالجز میں تقریری مقابلے، تقاریر اور تصویری نمائشوں کا انعقاد ہوگا۔شہر کے اہم چوکوں اور مقامات پر کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی عکاسی کے ذریعے دنیا کی توجہ انسانی المیے کی جانب مبذول کرائی جائے گی۔