نیلم ، حکومت آزاد کشمیر کی تعلیمی اصلاحات کے بعد سرکاری تعلیمی اداروں کے نتائج میں نمایاں بہتری آنا شروع ہوگئی

پیر 4 اگست 2025 17:02

نیلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) حکومت آزادکشمیر کی تعلیمی اصلاحات کے بعد سرکاری تعلیمی اداروں کے نتائج میں نمایاں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے۔گورنمنٹ گرلز ہائی سکول خواجہ سیری کی ہونہار طالبہ کشمالہ طارق نے آزاد کشمیر میں چھٹی پوزیشن حاصل کر لی۔آزاد کشمیر کے سالانہ میٹرک امتحانات میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نیلم خواجہ سیری کی ذہین طالبہ کشمالہ طارق نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹاپ 20 پوزیشنز میں چھٹا نمبر حاصل کر لیا۔

یہ غیر معمولی کامیابی نہ صرف کشمالہ طارق کے لیے بلکہ پورے نیلم ویلی کے تعلیمی معیار کے لیے ایک خوش آئند سنگِ میل ہے۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں شیما میر کے مطابق گورنمنٹ سکولز خصوصاً نسواں اداروں کے نتائج میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ2برسوں میں گورنمنٹ گرلز سکولز کے میٹرک رزلٹ 66 فیصد سے بڑھ کر 74 فیصد ہو چکا ہے، جبکہ سال 2025 کے نتائج کے مطابق ضلع نیلم کا مجموعی نتیجہ 82 فیصد رہا ہے۔

جو ایک ریکارڈ کارکردگی ہے گرلز ہائی سکول۔اس شاندار تعلیمی پیش رفت کے ساتھ ساتھ، سکولوں میں طالبات کی حاضری کی شرح میں بھی واضح بہتری ہوئی اور آئندہ رزلٹ کاٹارگٹ 100 فیصد حاصل کرنے کاعزم ہے۔ اس کا سہرا اساتذہ کی محنت، محکمہ تعلیم کی مؤثر نگرانی اور والدین کے تعاون کو جاتا ہے۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ''کشمالہ طارق جیسی طالبات ہمارے اداروں کا فخر ہیں۔

یہ کامیابی اس بات کی عکاس ہے کہ گورنمنٹ سکولز میں اب کوالٹی آف ایجوکیشن میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ہم اپنی تعلیمی پالیسیوں میں مزید اصلاحات لا کر معیار کو مزید بلند کریں گے۔''انہوں نے مزید کہا کہ ضلع نیلم کے تمام تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بچیوں کی تعلیم اور حاضری کو ترجیح دی جائے اور تعلیمی ماحول کو مزید بہتر بنایا جائے۔\378