میرا برانڈ پاکستان نمائش 14 اور 15 اگست کو لاہور ایکسپو سینٹر میں ہوگی ، لاہور چیمبر اور پاکستان بزنس فورم کا مشترکہ پریس کانفرنس میں اعلان

پیر 4 اگست 2025 17:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پاکستان بزنس فورم کے اشتراک سے پریس کانفرنس میں اعلان کیا گیا ہے کہ میرا برانڈ پاکستان نمائش کا انعقاد 14 اور 15 اگست کو لاہور ایکسپو سینٹر میں کیا جا رہا ہے،جس کا مقصد پاکستانی مصنوعات اور صنعتوں کو فروغ دینا ہے۔پریس کانفرنس سے صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان، چودھری محسن بشیر، اعجاز تنویر، عبدالودود علوی اور عاصم شفیق شیخ نے خطاب کیا۔

صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد نے کہا کہ ہمیں اب بیرونی مصنوعات پر انحصار ختم کرنا ہوگا اور میڈ ان پاکستان کو فروغ دینا ہوگا۔ہماری قومی صنعتوں میں بے پناہ صلاحیت ہے،صرف اعتماد اور پروموشن کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرا برانڈ پاکستان ایکسپو کا مقصد ہی یہ ہے کہ ہر پاکستانی صنعتکار اور برانڈ کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کیا جائے جہاں وہ اپنی مصنوعات کو عوام،خریداروں اور ایکسپورٹرز کے سامنے پیش کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنی ضروریات پوری کرنے کیلئے خود انحصار ہونا پڑے گا۔ہمیں اپنی قومی پیداوار پر فخر کرنا اور اس ایکسپو میں شرکت کرنی چاہیے۔پاکستان کی ترقی کا راز ایکسپورٹ میں چھپا ہے لہذا پاکستانی مصنوعات کی عالمی سطح پر شناخت ضروری ہے۔سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان نے کہاکہ میرا برانڈ پاکستان نمائش ملک کی معاشی خود مختاری کی طرف ایک مضبوط قدم ہے۔

اس نمائش میں ہم نے خاص طور پر چھوٹی اور درمیانے درجے کی کمپنیوں کو اس میں بھرپور موقع فراہم کیا ہے۔ جب تک مقامی پیداوار نہیں بڑھے گی معیشت مضبوط نہیں ہو سکتی۔انہوں نے مزید کہا کہ نمائش میں ٹیکسٹائل،کاسمیٹکس،فوڈ،ہاوس ہولڈ آئیٹمز، فرنیچر، جوتے، لیدر مصنوعات، انجینئرنگ گڈز اور روز مرہ استعمال کی تمام اشیا میڈ ان پاکستان ہوں گی۔

اعجاز تنویر نے کہا کہ پاکستان کا ہر چھوٹا صنعتکار اس نمائش میں ایک بڑی تبدیلی لا سکتا ہے۔نوجوان کاروباری طبقے کو اس پلیٹ فارم سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔یہ وقت ہے کہ پاکستان کو صرف صارف نہیں بلکہ پروڈیوسر ملک بنایا جائے۔چودھری محسن بشیر نے کہا کہ یہ نمائش ایک قومی سوچ کی نمائندگی ہے اور ہمیں اپنے برانڈز کو عالمی سطح پر لانے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ میرا برانڈ پاکستان نمائش صرف ایک تجارتی ایونٹ نہیں بلکہ ایک قومی مہم ہے،جس کا مقصد خود انحصاری، معاشی استحکام اور پاکستانی مصنوعات کا عالمی سطح پر فروغ ہے۔یہ نمائش مقامی صنعتکاروں کیلئے ایک نادر موقع ہے کہ وہ اپنی مصنوعات کو نمایاں کریں اور نئی منڈیوں تک رسائی حاصل کریں۔