ڈپٹی کمشنر کا صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال کا جائز ہ لینے کیلئے مختلف علاقوں کا دورہ

پیر 4 اگست 2025 21:18

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے شہر میں صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صفائی کے حوالے سے ضلعی حکومت کی جانب سے جاری اقدامات کی مؤثر مانیٹرنگ کی اور موقع پر موجود عملے کی کارکردگی کا مشاہدہ بھی کیا۔ڈپٹی کمشنر نے دورے کا آغاز مدینہ ٹاؤن سے کیا جہاں انہوں نے گلی محلوں اور سڑکوں پر صفائی کی صورتحال کا بغور معائنہ کیا۔

بعدازاں انہوں نے کینال روڈ پر موجود صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے ہدایات جاری کیں۔گٹ والا میں ڈپٹی کمشنر نے صفائی عملے کی حاضری اور صفائی کے عملی اقدامات کا مشاہدہ کیا اور وہاں موجود ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ضروری احکامات دیئے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے اپنے دورے کے دوران دیگر علاقوں میں بھی صفائی کے حوالے سے معائنہ کیا اور مجموعی طور پر شہر میں صفائی کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم جہاں بہتری کی گنجائش پائی گئی، وہاں انہوں نے فوری اقدامات کرنے اور عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے کہا کہ صفائی شہریوں کی بنیادی ضرورت ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ تمام متعلقہ محکمے اور صفائی عملہ فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں اور شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔