Live Updates

ریاست میں بڑھتی مہنگائی، غربت اور مافیا کا راج باعث تشویش ہے. طاہر کھوکھر

حکومت مکمل طور پر ناکام غریب دو وقت کی روٹی کو ترس گیا مافیا عوام کو نوچ رہا ہے، سابق وزیر

پیر 4 اگست 2025 22:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)پاسبانِ وطن پاکستان کے مرکزی صدر اور سابق وزیر سیاحت و ٹرانسپورٹ محمد طاہر کھوکھر نے موجودہ معاشی و سماجی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست میں مہنگائی اور غربت میں ہوشربا اضافہ ہو چکا ہے غریب عوام دو وقت کی روٹی کو ترس گئے ہیں جبکہ حکومتی ادارے خوابِ غفلت میں ہیں۔

طاہر کھوکھر نے کہا کہ آج ملک میں مافیاز کا مکمل کنٹرول ہے جو اشیائے خوردونوش کو جان بوجھ کر مارکیٹ سے غائب کر کے مصنوعی بحران پیدا کرتے ہیں اور پھر انہیں مہنگے داموں فروخت کرتے ہیں اس تمام تر صورتحال کا خمیازہ عام آدمی کو بھگتنا پڑ رہا ہے جو پہلے ہی بے روزگاری مہنگائی اور بنیادی سہولیات کی کمی کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

طاہر کھوکھر نے کہا کہ حکومت ان مافیاز کے سامنے بے بس ہو چکی ہے اور یہ گروہ ریاست کے نظام پر قبضہ جما چکے ہیں۔

انہوں نے کہاغریب عوام خودکشیاں کرنے پر مجبور ہو چکے ہیںکوئی ان کا پرسانِ حال نہیں حکمران طبقہ اپنی عیاشیوں میں مصروف ہے جبکہ عام آدمی ایک ایک نوالے کے لیے ترس رہا ہے ۔طاہر کھوکھر نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ناکامی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آج چھوٹے چھوٹے دکانداروں سے لے کر بڑے تاجر بھی ذخیرہ اندوزی کا حصہ بن چکے ہیں جو چینی آٹا، گھی، دالیں اور دیگر ضروری اشیاء چھپا کر مصنوعی قلت پیدا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر عملی اقدامات نہ کیے تو عوامی بے چینی ایک سنگین بحران کو جنم دے سکتی ہے جس کے نتائج خطرناک ہوں گے۔ طاہر کھوکھر نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر ایک جامع پالیسی کے تحت مافیاز ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کرے بصورت دیگر عوام کا اعتماد مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔انہوں نے تمام سیاسی و سماجی تنظیمیں عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ جدوجہد کریں اور مہنگائی بیروزگاری کے خلاف متحد ہو کر آواز بلند کریں۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات