ڈسکہ میں معرکہ حق اور جشن آزادی کی تقریبات شروع

منگل 5 اگست 2025 11:19

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) ڈسکہ میں معرکہ حق اور جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز کر دیا گیا۔اس سلسلے میں پریس کلب ڈسکہ (رجسٹرڈ)میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پرچیئرمین پریس کلب محمد افضل منشانے کہا کہ زندہ قومیں آزادی کی قدرو قیمت جانتی ہیں اور تقریبات منعقد کر کے آنے والی نسلوں کو آزادی کے لئے ادا کی گئی بھاری قیمت سے آگاہ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

پرنسپل نجی کالج پروفیسر ثاقب جاوید گوری نے کہا کہ صحانی اور اساتذہ کرام اس قوم کے رہنما ہیں جو لوگوں کو آزادی کے مقاصد اوران کے حصول کے لئے مراحل سے آگاہ کرتے ہیں، باشعور قیادت اس ملک کی سالمیت اور استحکام کی ضمانت ہے۔ ڈاکٹر ناصر حسین علوی نے کہا کہ پریس کلب ،سپریم کالج اور پاکستان پیس کونسل کی جانب سے آزادی کی تقریبات کا آغاز خوش آئند ہے، یہ تقریبات ملی جذبات کو جلا بخشتی ہیں اور وطن سے محبت کے درس دیتی ہیں۔ تقریب سے سینئر وائس چیئرمین پریس کلب (رجسٹرڈ) امین رضا مغل، جنرل سیکرٹری سید رضوان مہدی ، انفارمیشن سیکرٹری رانا محمد افضل، پروفیسرنعیم اشرف و دیگر نے بھی خطاب کیا۔