مٹیاری میں یومِ استحصالِ کشمیر پر ضلعی انتظامیہ کی ریلی، کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار

منگل 5 اگست 2025 16:41

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ مٹیاری کی جانب سے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک شاندار ریلی نکالی گئی، جو تعلقہ اسپتال مٹیاری سے شروع ہو کر پریس کلب مٹیاری تک پرامن انداز میں نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے کی، جب کہ ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر مٹیاری عبدالستار شیخ، سوشل ویلفیئر کے ایڈیشنل ڈائریکٹر رفیق جمالی، مختلف سرکاری محکموں کے افسران، ملازمین، اساتذہ، طلباء، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز، پلے کارڈز اور پینا فلیکس اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے۔ ریلی کے دوران قومی و ملی نغمے بجائے گئے جبکہ شرکاء نے پرجوش انداز میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے نعرے لگائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد یوسف شیخ نے کہا کہ کشمیری مظلوم عوام پر بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں،آج دنیا کو ایک پُرامن پیغام دینا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے باوجود حل طلب ہے، جس پر عالمی برادری خصوصاً اقوامِ متحدہ کو فوری توجہ دینی چاہیے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کا پُرامن اور منصفانہ حل نہیں نکلتا، برصغیر میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ ہمارا مشترکہ مطالبہ ہے کہ مظلوم کشمیری عوام کو انصاف فراہم کیا جائے اور انہیں ان کا بنیادی حق، یعنی آزادی اور حقِ خود ارادیت، دیا جائے۔