یونیورسٹی آف ہری پور میں ”یومِ استحصالِ کشمیر۔ کشمیر بنے گا پاکستان“ کے حوالہ سے سیمینار اور آگاہی واک کا انعقاد

منگل 5 اگست 2025 16:49

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) یونیورسٹی آف ہری پور میں ”یومِ استحصالِ کشمیر۔۔ کشمیر بنے گا پاکستان“ کے حوالہ سے سیمینار اور آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک میں طلبہ و اساتذہ نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاءنے لائبریری سے ایڈمن بلاک تک واک کی اور کشمیری حقوق کی حمایت میں نعرے لگائے اور کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔

سیمینار کا مقصد 5 اگست 2019ءکو بھارت کی جانب سے کئے گئے غیر قانونی اقدامات کی مذمت اور کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی تھا۔ پروگرام کے چیف آرگنائزر پرووسٹ ریاض محمد تھے۔ مقررِ خصوصی ڈاکٹر مہیمن نے کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مسئلہ کشمیر کے تاریخی و سیاسی پہلوئوں پر مدلل خطاب کیا۔

(جاری ہے)

سیمینار میں یونیورسٹی کے اساتذہ، طلبہ اور دیگر عملہ نے بھرپور شرکت کی اور کشمیری عوام کے ساتھ گہری ہمدردی اور حمایت کا اظہار کیا۔

سیمینار کے اختتام پر آگاہی واک کا اہتمام بھی کیا گیا جو الغزالی سنٹرل لائبریری سے شروع ہو کر ایڈمن بلاک تک جاری رہی۔ شرکاءنے کشمیری عوام کے حق میں نعرے لگائے۔ یونیورسٹی آف ہری پور نے اس موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا، اس طرح کی سرگرمیاں نہ صرف مسئلہ کشمیر سے آگاہی دیتی ہیں بلکہ قومی عزم کو تازہ کرتی ہیں۔ پروگرام کا اختتام کشمیری عوام کی آزادی کیلئے خصوصی دعا اور قومی عہد کے ساتھ ہوا۔