غیر قانونی آن لائن مواد سے خبردار رہیں، پی ٹی اے کا انتباہ جاری

منگل 5 اگست 2025 16:54

غیر قانونی آن لائن مواد سے خبردار رہیں، پی ٹی اے کا انتباہ جاری
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی ای) نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام غیر قانونی آن لائن مواد سے خبردار رہیں۔پی ٹی اے حکام نے کہاکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اظہارِ رائے کی آزادی ہر فرد کا حق ہے، تاہم آزادی کے نام پر غیر قانونی مواد کی تشہیر یا سرگرمیاں ہرگز قابلِ قبول نہیں ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے مطابق مذاہب، رسالت یا مقدس شخصیات کی توہین، کسی فرد یا ادارے کے خلاف اشتعال انگیز مواد، دفاع اور دیگر قومی اداروں کے خلاف نفرت انگیز اور جھوٹا پروپیگنڈا قابل گرفت جرم ہے، جبکہ فحش، غیر اخلاقی مواد، جعلی خبروں کی تشہیر غیر قانونی ہے۔پی ٹی اے نے کہاکہ پیکا ایکٹ 2016 کے تحت یہ تمام غیر قانونی اور قابلِ گرفت جرائم ہیں، عوامی مفاد اور ملک میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے ایسے مواد کی اطلاع PTA CMS موبائل ایپ کے ذریعے دیں۔پی ٹی اے نے آن لائن اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ خبردار رہیں، اور محفوظ بھی رہیں۔