نیوزی لینڈ،خاتون کے سوٹ کیس سے 2 سالہ بچی زندہ برآمد

خاتون کو بچی سے بدسلوکی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ،مزید تحقیقات جاری

منگل 5 اگست 2025 16:54

ویلنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء)نیوزی لینڈ کی پولیس نے 2 سالہ زندہ بچی کو سوٹ کیس سے برآمد ہونے پر خاتون مسافر کو بچی سے بدسلوکی کے الزام میں گرفتار کر لیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کو شمالی نیوزی لینڈ میں وانگاری سے آک لینڈ جانے والی بس میں پیش آیا۔سفر کے دوران بس کائیواکا کے ایک بس سٹاپ پر رکی جہاں سے 27 سالہ خاتون مسافر بس میں سوار ہوئی۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ڈرائیور کا کہنا تھا کہ دورانِ سفر خاتون نے بس کے نچلے حصے تک رسائی مانگی جہاں سامان رکھا ہوا ہوتا ہے تو اسے خاتون پر شبہ ہوا۔پولیس کا کہنا تھا کہ ڈرائیور نے جب خاتون کا بیگ ہلتے ہوئے دیکھا تو وہ فکرمند ہو گیا اور سوٹ کیس کھول دیا۔ سوٹ کیس کھولنے پر اس میں 2 سالہ بچی موجود تھی، جس نے صرف ایک ڈائپر پہنا ہوا تھا۔پولیس کا کہنا تھا کہ بچی تقریبا ایک گھنٹے سے اس بیگ میں بند تھی۔ بچی کی برآمدگی پر اسے اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کا طبی معائنہ کیا گیا ہے، جس کے مطابق اس کا جسم بہت گرم تھا لیکن جسمانی طور پر اسے کوئی نقصان نہیں پہنچا۔خاتون کو بچی سے بدسلوکی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے، مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔