کسی کوعالمی ادارے کو جوہری تنصیبات تک رسائی کی اجازت نہیں ، ایران

منگل 5 اگست 2025 18:35

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء)ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہا ہے کہ شوری کونسل کے منظور کردہ قوانین کے مطابق کسی بھی حالت میں کسی بین الاقوامی ادارے کو ملکی جوہری تنصیبات تک رسائی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عرب ٹی وی کے مطابق ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتے ایران کا دورہ کرنے والا جوہری توانائی کے بین الاقوامی ادارے ( آئی اے ای ای) کا وفد حکام اور ماہرین کے ساتھ صرف تکنیکی اور پیشہ ورانہ بات چیت اور مشاورت کا مجاز ہوگا۔

انہوں نے ان افواہوں کی تردید کی کہ آئی اے ای اے ایران کی جوہری تنصیبات کا معائنہ دوبارہ شروع کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے منظور شدہ قوانین کسی بھی وفد یا غیر ملکی فریق کو جوہری تنصیبات میں داخل ہونے سے مکمل طور پر روکتے ہیں، اس وفد یا کسی اور کو کسی بھی قسم کے معائنے کی اجازت نہیں ۔

(جاری ہے)

قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ نے زور دیا کہ یہ پابندیاں مستقل اور ناقابلِ تبدیلی ہیں اور ان کی مکمل پاسداری میں کوئی نرمی نہیں ہوگی۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ اس دورے کے حوالے سے ایرانی حکومت اور جوہری توانائی تنظیم کے پروگرام میں کسی بھی طرح سے ایسے مسائل پر بحث شامل نہیں جن میں ادارے کے مطالبے کے مطابق تنصیبات تک رسائی یا معائنہ کا نفاذ بھی ہو۔انہوں نے کہا کہ ایران کی طرف سے پیش کئے گئے موضوعات مکمل طور پر اجازت شدہ تکنیکی تعاون کے فریم ورک کے اندر ہیں، ان کا مقصد صرف تکنیکی آرا کا تبادلہ اور کچھ تکنیکی ابہام یا مسائل کو دور کرنا ہے۔