گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں یومِ استحصال کی مناسبت سے احتجاجی ریلی نکالی گئی

منگل 5 اگست 2025 19:46

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے کہاہے کہ بھارت کی 5اگست 2019 کو جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے آرٹیکل 370 کی غیر قانونی منسوخی اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بین الاقوامی برادری کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور ہم اقوامِ متحدہ اور عالمی اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ انسانی حقوق کے تحفظ اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے منظور شدہ قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ انہیں انصاف فراہم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام اپنی امنگوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ اس موقع پر ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز اور شعبہ اکنامکس کے اشتراک سے نکالی گئی جس میں اساتذہ، ڈینز، ڈائریکٹرز، فیکلٹی ممبران، رجسٹرار، ٹریژرر اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت نعرے درج تھے۔