علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں خزاں سمسٹر 2025 کے تعلیمی پروگرامز اور داخلہ رہنمائی بارے آگاہی سیمینار

منگل 5 اگست 2025 21:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں خزاں سمسٹر 2025 کے تعلیمی پروگرامز اور داخلہ رہنمائی کے حوالے سے ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کا مقصد طلبہ کو یونیورسٹی کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات سے روشناس کرانا تھا۔ سیمینار کا اہتمام اسلام آباد ریجنل کیمپس نے کیا جس کی صدارت ایڈیشنل ڈائریکٹر احسن شکور نے کی۔

سیمینار میں طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اپنے خطاب میں احسن شکور نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی فاصلاتی تعلیم کے جدید اور موثر ذرائع کے ذریعے ملک کے دور دراز علاقوں تک علم کی روشنی پہنچا رہی ہے۔ ڈیجیٹلائزیشن کے بعد یہ یونیورسٹی محض ایک قومی درسگاہ نہیں رہی بلکہ اب ایک عالمی یونیورسٹی کی حیثیت اختیار کر چکی ہے۔

(جاری ہے)

اس کی علمی سرحدیں اب صرف پاکستان تک محدود نہیں رہیں بلکہ دنیا کے ہر کونے تک پھیل چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب آپ دنیا کے کسی بھی ملک میں موجود ہوں، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے با آسانی تعلیم حاصل کر سکتے ہیں اور اپنے تعلیمی سفر کو جاری رکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کا مقصد تعلیم کو ہر فرد کی دسترس میں لانا ہے خصوصاً ان افراد کے لیے جو مالی مشکلات کی وجہ سے اعلیٰ تعلیم حاصل نہیں کر پاتے۔

اسی مقصد کے تحت مختلف سکالرشپ سکیمیں، فیس میں رعایت اور مالی امداد کے دیگر ذرائع متعارف کروائے گئے ہیں۔انہوں نے طلبہ کو آگاہ کیا کہ یونیورسٹی کے چار اہم پورٹلز ہیں(ویب سائٹ، سی ایم ایس پورٹل، اے آئی او یو ایپ اور ایل ایم ایس پورٹل)، اگر طلبہ ان پورٹلز کو وقتاً فوقتاً وزٹ کرتے رہیں تو داخلے سے لے کر ڈگری کے حصول تک تعلیمی سفر کے دوران انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں ہوگا۔

اسٹنٹ ریجنل ڈائریکٹر توصیف احمد نے طلبہ کو پیش کئے جانے والے تعلیمی پروگرامز، داخلے کے طریقہ کار، آن لائن لرننگ سسٹم، فیس ڈھانچے اور دیگر تعلیمی و سہولتی پہلوئوں پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔سیمینار کے اختتام پر سوال و جواب کی نشست منعقد ہوئی جس میں شرکا نے داخلہ طریقہ کار، آن لائن لرننگ سسٹم، فیس سٹرکچر اور دیگر سہولیات سے متعلق سوالات کیے۔ ان سوالات کے تسلی بخش اور رہنمائی پر مبنی جوابات دیئے گئے۔