انڈر 15 ٹیم نے یوتھ فٹ بال ٹورنامنٹ ناروے کپ کاٹائٹل اپنے نام کر لیا

منگل 5 اگست 2025 21:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) انڈر 15 ٹیم نے یوتھ فٹ بال ٹورنامنٹ ناروے کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ اس تاریخی فتح پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن اور سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری نے ٹیم کو مبارکباد دی اور اسے پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیا۔

فٹ بال ٹیم کی وطن واپسی پر الخدمت کے ذمہ داران، رضاکاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے ائیرپورٹ پر ان کا شاندار استقبال کیا اور کھلاڑیوں کو پھولوں کے ہار پہنائے۔ الخدمت یورپ کے صدر عبدالوہاب مجید نے اس موقع پر کہا کہ ناروے کپ میں دنیا کے 35 سے زائد ممالک کی ٹیمیں شریک ہوئیں اور یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کی کسی ٹیم نے اس عالمی ٹورنامنٹ میں چیمپئن بن کر نئی تاریخ رقم کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ یہ ٹیم پاکستان کی قومی یا سرکاری ٹیم نہیں بلکہ گلی محلوں کے ان باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جو معمول کے حالات میں سڑکوں اور کھلے میدانوں میں کھیلتے ہیں۔ اس ٹیم کو بیٹر فیوچر پاکستان گروپ کے 6 نارویجن پاکستانی نوجوانوں نے منظم کیا۔ ٹورنامنٹ کے دوران پاکستانی ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ایک مضبوط ناروے کی ٹیم کو فائنل میں شکست دی اور چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔ یہ جیت نہ صرف کھیلوں کے میدان میں کامیابی ہے بلکہ پاکستان کے مثبت تشخص کو بھی عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی ایک روشن مثال ہے۔