وقار النساء کالج راولپنڈی میں یومِ استحصال کشمیر کی تقریب، کشمیریوں سے بھرپور اظہار یکجہتی

منگل 5 اگست 2025 21:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) یوم استحصال کشمیر کی مرکزی تقریب گورنمنٹ وقار النساء کالج میں منعقد ہوئی جس میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا گیا۔ تقریب میں مہمان خصوصی ممبر قومی اسمبلی طاہرہ اورنگ زیب،بیرسٹر دانیال چوہدری، کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک ، آل پارٹیز حریت کانفرنس راہنما طفیل ملک، ضلعی انتظامیہ، سول سوسائٹی نمائندگان، طالبات و شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کے آغاز میں اہلیانِ کشمیر سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور شہداء کے لئے دعا کی گئی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف پوری قوم متحد ہے، آج مقبوضہ جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کے 06 سال مکمل ہو چکے۔

(جاری ہے)

ممبر قومی اسمبلی طاہرہ اورنگ زیب نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو اپنے ہی آئین میں ترمیم کرکے آرٹیکل 370 کو ختم کر دیا تھا۔

بھارتی آئین کا یہ آرٹیکل ریاست جموں و کشمیر کو ایک خصوصی حیثیت دیتا تھا۔اس آرٹیکل کے تحت بھارتی آئین کی دیگر دفعات اور قوانین جو دیگر ریاستوں پر لاگو ہوتے ہیں وہ ریاست جموں و کشمیر پر لاگو نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام پرڈھائے گئے مظالم کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یوم استحصال کشمیرکے موقع پر اقوام عالم کو بتاناچاہتے ہیں کہ پاکستانی قوم ہرمحاذ پراپنے کشمیری بھائیوں کیساتھ ہے، آج کے دن ہم بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف کشمیری بھائیوں کی بیشمار قربانیوں کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام آزادی کی نعمت سے مستفید ہوں گے۔