ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم احمد سندھو کا نشتر ہسپتال کا دورہ، مختلف شعبوں کا معائنہ اور مریضوں کو فراہم سہولیات کا جائزہ

منگل 5 اگست 2025 22:00

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر وسیم احمد سندھو نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر شہریوں کو ان کی دہلیز پر مثالی علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے بڑے ہسپتالوں سمیت تمام مرکز صحت پر ادویات اور دیگر سہولیات پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔انہوں نے کہا کہ نشتر ہسپتال جنوبی پنجاب کی واحد علاج گاہ ہے جو کہ دیگر صوبوں کے مریضوں کا بھی بوجھ اٹھا رہا ہے ۔

اس کی استعدادکار میں اضافے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نشتر ہسپتال کا اچانک دورہ کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نشتر ہسپتال ڈاکٹر امجد بھٹی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر وسیم احمد سندھو نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم سہولیات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مختلف وارڈز میں جاری تعمیراتی کام کا بھی معائنہ کیا اور بریفنگ لی۔

مریضوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح مریضوں کو مفت علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کرنا ہے اس سلسلے میں کسی غفلت پر سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔وسیم حامد سندھو نے کہا کہ ضلعی افسران کی مختلف ہسپتالوں میں ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں تاکہ روزانہ کی بنیاد پر انسپیکشن کر کے ہسپتالوں میں سہولیات کو مزید بہتر کیا جا سکے۔