کوئٹہ،وفاقی محتسب کے حکم پر درخواست گزارغلام مصطفٰی کو گیس کے بل میں 209،736 روپے کا ریلیف فراہم

بدھ 1 اکتوبر 2025 16:58

کوئٹہ،وفاقی محتسب کے حکم پر درخواست گزارغلام مصطفٰی کو گیس کے بل میں ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) وفاقی محتسب کے حکم پر درخواست گزار غلام مصطفٰی کو گیس کے بل میں 209،736 روپے کا ریلیف فراہم کر دیا گیا۔شکایت کنندہ نے بیان دیا کہ (سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ) نے جون 2025 میں اسے بلاجواز 384,400 روپے کا زائد بل بھیجا ۔ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ محکمے نے جنوری، فروری اور مارچ کے 704 یونٹس کا بل ایک ہی ماہ میں بھیج دیا جس کی وجہ سے اضافی بلنگ ہوئی۔

انہوں نے اس کی درستگی کے حوالے سے متعدد بار متعلقہ محکمے سے رابطہ کیا دفتر کے چکر کاٹے لیکن سب بے سود رہا کوئی شنوائی نہ ہوئی لہذا مجبور ہو کر انہوں نے وفاقی محتسب کوئٹہ سے رجوع کیا اور متعلقہ محکمے کی تاخیر اور عدم توجہی کے خلاف درخواست دائر کی۔درخواست موصول ہوتے ہی وفاقی محتسب کوئٹہ نے بروقت انکوائری کا آغاز کیا اور متعلقہ محکمے کو طلب کر کے کیس کی فوری سماعت شروع کر دی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران متعلقہ محکمہ کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔وفاقی محتسب نے احکامات جاری کیے کہ درخواست گزار کے گیس بل کی درستگی جلد کی جائے۔احکامات موصول ہوتے ہی متعلقہ محکمے نے درخواست گزار کے گیس بل کی درستگی کر دی جس سے انہیں 209,736 روپے کا ریلیف فراہم ہوا۔اس بروقت اور منصفانہ فیصلے پر درخواست گزار نے وفاقی محتسب کا شکریہ ادا کیا۔