پاکستان شاہینز اور ساؤتھ ایشین کرکٹ اکیڈمی اینڈ ایم سی سی ینگ کرکٹرز الیون کے درمیان تین روزہ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم

منگل 5 اگست 2025 22:00

کینٹربری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) پاکستان شاہینز اور ساؤتھ ایشین کرکٹ اکیڈمی اینڈ ایم سی سی ینگ کرکٹرز الیون کے درمیان کھیلا جانے والا تین روزہ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔ میچ کے آخری دن پاکستان شاہینز نے اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔ اوپنر اذان اویس صرف 5 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے تاہم اس کے بعد علی زریاب اور شامل حسین نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 142 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

علی زریاب نے100 رنز کی اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور آٹھ چوکے شامل تھے۔ شامل حسین نے بھی جارحانہ انداز اپنایا اور ایک چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 70 رنز بنائے۔ محمد سلیمان 16 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس سے قبل میزبان ٹیم نے اپنی پہلی اننگز 183 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ سے آگے بڑھائی اور پوری ٹیم 278 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ فیروز خوشی نے 90 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 8 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ سٹورٹ وان ڈر مروو نے بھی 41 رنز بنائے۔ شاہینز کی طرف سے مبصر خان نے تین جبکہ مہران ممتاز اور موسیٰ خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ واضح رہے کہ پاکستان شاہینز کو پہلی اننگز میں 107 رنز کی سبقت حاصل ہوئی۔