وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا محفوظ پنجاب ویژن، پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہور میں آر ایم پی سپیشلائزڈ ٹریننگ کورس جاری

ایڈیشنل آئی جی رائٹ مینجمنٹ پولیس خرم شکور کی پولیس ٹریننگ کالج لاہور آمد، جوانوں کا حوصلہ بڑھایا ، مسائل سنے ،فوری حل کیلئے احکامات

بدھ 6 اگست 2025 02:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے محفوظ پنجاب ویژن کی تکمیل میں پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہور میں آر ایم پی سپیشلائزڈ ٹریننگ کورس جاری ہے جس میں 265 اہلکار آر ایم پی سپیشلائزڈ کورس کی ٹریننگ حاصل کر رہے ہیں۔ایڈیشنل آئی جی آر ایم پی خرم شکور نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہور کا دورہ کیا ۔

ڈی آئی جی رائٹ مینجمنٹ پولیس اسد سرفراز خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ایڈیشنل آئی جی آر ایم پی خرم شکور نے ٹریننگ کرنے والے جوانوں کا حوصلہ بڑھایا ، مسائل سنے اور فوری حل کیلئے احکامات جاری کیے۔ایڈیشنل آئی جی آر ایم پی نے کہا کہ رائٹ مینجمنٹ پولیس کی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے خصوصی آلات اور ساز و سامان مہیا کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

06 ہفتوں پر مشتمل سپیشلائزڈ کورس میں فورس کی فٹنس اور کارکردگی کا معیار برقرار رکھنے کے لئے سپیشل ڈرلز ڈیزائن کی گئی ہیں۔ ڈی آئی جی آر ایم پی اسد سرفراز خان نے کہا کہ دور حاضر کے لاء اینڈ آرڈر چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے آر ایم پی اہلکاروں کو سپیشلائزڈ ٹریننگ کورس کروایا جارہا ہے تاکہ ہر قسم کے چیلنجز کیلئے اپنے آپ کو مستعد رکھیں اور فیلڈ میں ضرورت پڑنے پر بہترین خدمات انجام دیں۔