Live Updates

راولپنڈی اسلام آباد کو پانی کی فراہمی کے میگا پراجیکٹ کے لئے وزیر اعظم نے اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دی ہے، طلال چوہدری

بدھ 6 اگست 2025 17:58

راولپنڈی اسلام آباد کو پانی کی فراہمی کے میگا پراجیکٹ کے لئے وزیر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ راولپنڈی اسلام آباد کو پانی کی فراہمی کے میگا پراجیکٹ کے لئے وزیر اعظم نے وزیر داخلہ کی سربراہی میں اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دی ہے،پانی کی سطح بلند کرنے کے لئے سی ڈی اے نے بلڈنگ بائی لاز میں تبدیلی کی ہے اب زمین سے بورنگ سے پانی نکالنے کی حوصلہ شکنی کی جارہی ہے۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں انجم عقیل خان کے اسلام آباد میں پانی کی سطح خطرناک حد تک کم ہونے کے حوالے سے توجہ دلائو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں 1960 میں زیر زمین پانی کی سطح 10 میٹر تھی جو اب 120 میٹر سے تجاوز کرگئی ہے،اس کی وجوہات آبادی میں اضافہ،شہر کا پھیلائو ہے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد میں پانی کی یومیہ ضرورت 120 ملین گیلن ہے جس میں سے سی ڈی اے 60 ملین گیلن فراہم کررہا ہے،سی ڈی اے شہری علاقوں میں 90 فیصد اور دیہہ علاقوں میں 15 سے 20 فیصد ضرورت پوری کررہا ہے۔

اس مسئلہ کے حل کے لئے میگا واٹر پراجیکٹ کی ضرورت ہے،اس کے لئے وزیر اعظم نے کمیٹی تشکیل دی ہے،اس کی فزیبلٹی سٹڈی پر کام جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ زیر زمین پانی کی سطح بلند کرنے کے لئے سی ڈی اے نے بلڈنگ بائی لاز میں تبدیلی کی ہے ابرین واٹر ہاروسٹنگ کے لئے ویل بنائے گئے ہیں،گھریلو و کمرشل نئی عمارتوں کی تعمیر کیلئے ایس او پیز کے تحت لازمی ہے کہ بارش کا پانی زمین میں جانے کے لئے انتظام کریں۔

تاکہ زیر زمین پانی ری چارج ہوسکے۔انہوں نے بتایا کہ زمین سے پانی نکالنے کی حوصلہ شکنی کی جارہی ہے اور اس کے لئے سنگجانی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور خان پور سے ٹینکروں کے ذریعے شہری ضرورت پوری کی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں 10 مرلہ کے گھر کا رہائشی پانی کا 192 اور ایک کنال کے گھر میں رہنے والا 280 روپے ماہانہ بل دے رہا ہے،اخراجات کے مقابلہ میں بل 50 فیصد کم ہے۔

دیہی علاقوں میں حکومت نے اربوں روپے کی 44 سکیمیں بنائی ہیں لیکن ان میں سے صرف 12 فعال ہیں،باقی کسی کی موٹر خراب ہے تو کسی کا بجلی کا بل بقایا ہے اور یہ غیر فعال ہیں۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد میں پانی کی سپلائی شہری علاقوں تک محدود ہے۔دیہی علاقوں میں 12 لاکھ آبادی کو پانی فراہم نہیں کیاجارہا۔حکومت کوششیں کررہی ہے اور اس ضمن میں ایک اعلی سطح کی کمیٹی بنائی گئی ہے۔اسلام آباد میں چراہ اور شاہدرہ سمال ڈیم اور پنڈی میں بھی اسی طرح سمال ڈیمز کی تعمیر کے لئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔اپنے دور حکومت میں یہ مسئلہ حل کرلیں گے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات