محکمہ ہائوسنگ کا ترقیاتی منصوبے وزیر اعلیٰ پنجاب کو منظوری کیلئے پیش کرنے کا فیصلہ

ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے اور کریم بلاک تا موٹروے شارٹ روٹ منصوبوں کی حکمت عملی تیار

بدھ 6 اگست 2025 18:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے اور کریم بلاک تا موٹروے شارٹ روٹ منصوبوں کی حکمت عملی تیار کر لی گئی، محکمہ ہائوسنگ نے منصوبوں کی حتمی منظوری کیل ئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو پیش کرنے کا فیصلہ کر لیا۔تفصیلات کے مطابق ایل ڈی اے اور نیسپاک نے لاہور میں ٹریفک کے بڑے مسائل کے حل کے لئے تجویز کردہ منصوبوں پر بریفنگ مکمل کر لی، پریزینٹیشن سیکرٹری ہائوسنگ نورالامین مینگل کو پیش کی گئی۔

سیکرٹری ہائوسنگ نے ابتدائی ڈیزائنز پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے منصوبوں کی منظوری کے لئے ایوانِ وزیر اعلیٰ سے وقت طلب کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق گلبرگ سے موٹروے تک ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے کی تعمیر کا منصوبہ بی او ٹی بنیادوں پر تیار کیا گیا ہے، جس پر اربوں روپے لاگت آئے گی۔

(جاری ہے)

منصوبے کے تحت 6مختلف مقامات پر انٹری و ایگزٹ کے لیے ایلی ویٹڈ ریمپس بھی تعمیر کیے جائیں گے۔

حکومت اس منصوبے پر لاگت ٹول ٹیکس کے ذریعے 25سے 30سال میں پوری کرے گی۔دوسرا مجوزہ منصوبہ کریم بلاک سے ملتان روڈ کے راستے موٹروے تک ایک نیا شارٹ روٹ فراہم کرنے کا ہے، جس سے شہر کو لاہورسیاسلام آباد، لاہور سے ملتان اور کراچی موٹروے کیلئے نیا کوریڈور میسر آئے گا۔دونوں منصوبوں کو حتمی منظوری کیلئے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے سامنے پیش کیا جائے گا۔