ملتان،جشنِ آزادی کے موقع پر پی ایچ اے کی جانب سے شہر کی شاہراہوں اورعمارتوں کی خاص تزئین و آرائش

بدھ 6 اگست 2025 18:26

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) جشنِ آزادی پاکستان کی تیاریوں کے سلسلے میں پی ایچ اے ملتان نے شہر کی تزئین وآرائش کا کام مکمل کرلیا ہے۔ پی ایچ اے ہیڈ آفس کی عمارت سمیت شہر کے بڑے فلائی اوورزاور اہم شاہراہوں کو برقی قمقموں اوردلکش لائٹس سے سجا دیا گیا ہےتاکہ یومِ آزادی کے موقع پر شہر کا ماحول شانداراوخوبصورت بنایا جا سکے۔

ڈی جی پی ایچ اے کریم بخش نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکو متِ پنجاب کی ہدایت پر جشنِ آزادی کی تقریبات کو یکم اگست سے 14 اگست تک بھرپور انداز میں منانے کے لیے مکمل منصوبہ بندی کی جا چکی ہے اوراسی حکمتِ عملی پرعملدرآمد جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال 14 اگست کو قومی جذبے کے ساتھ منانے کے لیے شہربھر میں خصوصی تقریبات اور سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

ڈی جی پی ایچ اے نے مزید کہا کہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر شہر کو سبز ہلالی پرچموں، برقی قمقموں، بینرز اور شجرکاری مہم کے ذریعے خوبصورت بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو ایک منفرد اور یادگار جشنِ آزادی فراہم کیا جا سکے۔پی ایچ اے حکام کے مطابق، جشنِ آزادی کے دن شہر کی مرکزی شاہراہوں پرخصوصی لائٹنگ کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ شہریوں کی شرکت سے مختلف ثقافتی اورملی پروگرامزبھی ترتیب دیے گئے ہیں۔