ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ کی جنوبی وزیرستان لوئر میں شہید ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل محمد سہیل کے گھر آمد

بدھ 6 اگست 2025 18:38

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ اعظم ورسک ضلع جنوبی وزیرستان لوئر میں شہید ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل محمد سہیل کے گھر گئے جہاں انہوں نےشہید کے بچوں،اہلخانہ سے ملاقات کی اور شہید کے بلنددرجات کیلئے فاتحہ خوانی کی۔پولیس کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان سید اشفاق انور نے گزشتہ دنوں تھانہ اعظم ورسک ضلع جنوبی وزیرستان لوئر میں شرپسندوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل محمد سہیل کے گھر چنڈہ گئے،شہید کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان کے گاؤں چنڈہ سے تھا جو کہ تھانہ اعظم ورسک میں اپنی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دے رہا تھا۔

آر پی او نے شہید کے بچوں اور لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہید کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آر پی او ڈیرہ نے کہا کہ دہشت گرد اپنی بزدلانہ کارروائیوں سے پولیس فورس کے حوصلے پست کرنا چاہتی ہے لیکن دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں پولیس اور قوم کے جذبے کو پست نہیں کر سکتے۔خیبر پختونخوا کی غیور عوام اپنی پولیس کے ہمراہ کھڑی ہے۔ پولیس شہداء کی عظیم قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔شہداء پولیس کے ورثاءاور لواحقین ہمارے خاندان کی طرح ہیں جن کو ہم کسی موڑ پر تنہا نہیں چھوڑیں گے۔