فرسٹ نیشنل یوتھ گیمز 2025 کے لیے راولپنڈی کی سوئمنگ ٹیم کے ٹرائلز مکمل ہو گئے

بدھ 6 اگست 2025 18:38

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) فرسٹ نیشنل یوتھ گیمز 2025 کے لیے راولپنڈی کی سوئمنگ ٹیم کے ٹرائلز مکمل ہو گئے۔ حکومت پنجاب کے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے تحت لیاقت باغ سپورٹس کمپلیکس کے سوئمنگ پول میں منعقدہ ان ٹرائلز میں 14 سے 17 سال کی عمر کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ ڈویژنل سپورٹس افیسر چوہدری وحید احمد کی زیر نگرانی ہونے والے ان ٹرائلز میں کوچز فیصل محمود ، محب اللہ خان، اسامہ ساجد نے بچوں میں مقابلے منعقد کروائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سابق سوئمنگ پلیئر سید عامر عباس گیلانی بھی موجود تھے۔ فوکل پرسن محمد ساجد کے مطابق ان ٹرائلز کا مقصد 7 سے 13 ستمبر تک اسلام آباد میں ہونے والی نیشنل یوتھ گیمز کے لیے راولپنڈی کی نمائندہ ٹیم کا انتخاب کرنا تھا۔ ٹرائلز کے دوران بٹر فلائی، بیک اسٹروک اور فری اسٹائل کے مقابلے منعقد ہوئے جن میں 24 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ ان ٹرائلز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے بہترین سوئمرز کا انتخاب کر لیا گیا ہے جو اب 12 اگست سے 16 اگست تک لاہور میں ہونے والے صوبائی ٹرائلز میں پنجاب کی ٹیم کے انتخاب کے لیے حصہ لیں گے۔