کمشنر ڈیرہ غازی خان کا شہر بھر میں صفائی انتظامات کا تفصیلی جائزہ

بدھ 6 اگست 2025 18:57

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہر بھر میں صفائی ستھرائی کے انتظامات، عارضی کلیکشن پوائنٹس اور ڈمپنگ سائٹس کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر چیف آفیسر ضلع کونسل جواد الحسن گوندل، اسسٹنٹ کمشنر صدر تیمور عثمان اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

کمشنر نے شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے صفائی کے بعد کوڑا کرکٹ کو گاڑیوں کے ذریعے محفوظ انداز میں باقاعدہ ڈمپنگ سائٹس تک منتقل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے زور دیا کہ گلیوں اور سڑکوں پر کوڑا گرنے سے بچاؤ کے لیے کوڑا لے جانے والی گاڑیوں کو ترپال یا موزوں کپڑوں سے مکمل طور پر ڈھانپا جائے تاکہ ماحولیاتی آلودگی سے بچا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ شہر کو صفائی کے لحاظ سے چار سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں ہر سیکٹر کی نگرانی کے لیے سینئر افسران کو خصوصی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ یہ افسران روزانہ کی بنیاد پر نہ صرف صفائی کے عمل کی نگرانی کرتے ہیں بلکہ متعلقہ عملے کی حاضری کو بھی باقاعدہ چیک کیا جاتا ہے۔کمشنر محمد عثمان خالد کا کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب پروگرام صرف شہری علاقوں تک محدود نہیں بلکہ اس کے تحت دیہی علاقوں میں بھی صفائی کے معیاری انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :