پنجاب بھر میں بی ایچ یوز کی ری ویمپنگ تیزی سے جاری، لاہور میں آٹزم اسکول بھی تکمیلی مراحل میں داخل

بدھ 6 اگست 2025 20:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)صوبہ پنجاب میں بنیادی مراکز صحت کی ری ویمپنگ کے دوسرے مرحلے پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل سیکرٹری عبداللہ نیئر، ایڈیشنل سیکرٹری امیر الحسن شاہ، مختلف اضلاع کے ایکسینز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں صوبائی وزیر کو بریفنگ دی گئی کہ 8467 ملین روپے کی لاگت سے 515 بی ایچ یوز کی ری ویمپنگ جاری ہے۔ منصوبے کا آغاز 27 جنوری 2025 کو کیا گیا تھا۔ جبکہ اس کا تکمیل کا ہدف 30 ستمبر 2025 مقرر ہے۔ اب تک 72 فیصد فزیکل پراگریس مکمل ہو چکی ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ 426 بی ایچ یوز ری ویمپنگ کے آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں، 77 پلستر کے مرحلے میں جبکہ 8 بی ایچ یوز ڈسمنٹلنگ کے مرحلے میں ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے پہلے مرحلے میں مکمل شدہ بی ایچ یوز کو محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے حوالے نہ کرنے پر سخت اظہارِ برہمی کیا اور چکوال، بھکر، فیصل آباد، بہاولنگر، بہاولپور، رحیم یار خان اور راجن پور کے متعلقہ افسران کو فوری طور پر بلڈنگز ہینڈ اوور کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے تمام تعمیراتی کاموں میں اعلیٰ معیار، شفافیت اور سکوپ آف ورک کے مطابق سامان کے استعمال کو یقینی بنانے اور ناقص کارکردگی کی صورت میں سخت کارروائی کرنے کی ہدایت جاری کی۔

مزید برا?ں لاہور میں آٹزم سے متاثرہ بچوں کے لیے زیر تعمیر اسکول بھی تکمیلی مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ اس حوالے سے بھی ایک خصوصی اجلاس صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت ہوا جس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف، سیکرٹری اسپیشل ایجوکیشن، ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن عبداللہ نیئر، ماہرین ڈیزائن و تعمیرات اور دیگر افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں اسکول کے داخلی حصے کلاس رومز، لابی، تھراپی رومز، سنٹرل ایٹریم اور بیرونی عمارت کی انٹیریئر و ایکسٹیریئر ڈیزائنگ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ اسکول کی تعمیر میں عالمی معیار کو ملحوظ رکھا جائے۔ جی ایف آر سی/فائبر کا استعمال کیا جائے اور تھراپی رومز کے لیے ہلکے اور آرام دہ رنگوں کا انتخاب کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں آٹزم سے متاثرہ بچوں کو ایک باوقار اور جدید تعلیمی ماحول فراہم کیا جا رہا ہے، جو ان کے لیے ایک قیمتی تحفہ ثابت ہوگا۔صوبائی وزیر نے اسکول کو آئندہ دو ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب خصوصی افراد کی فلاح، عوامی خدمت اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے پرعزم ہے۔