Live Updates

شہریوں کیلئے مفت سولر سسٹم سکیم؛ سندھ حکومت نے درخواست دینے کا طریقہ کار جاری کردیا

اتوار 10 اگست 2025 14:05

شہریوں کیلئے مفت سولر سسٹم سکیم؛ سندھ حکومت نے درخواست دینے کا طریقہ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2025ء)سندھ حکومت نے بجلی کے بڑھتے نرخوں اور توانائی کے بحران سے نمٹنے کیلئے ایک بڑا اور عوام دوست منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کردیا، جس کے تحت کم آمدنی والے صارفین کو مفت سولر سسٹم فراہم کیا جائے گا۔اس اقدام کا مقصد غریب طبقے کو مہنگی بجلی کے بوجھ سے نجات دلانا اور متبادل توانائی کے ذرائع کو فروغ دینا ہے۔

خیال رہے کہ یہ منصوبہ ان گھریلو صارفین کیلئے ہے جو گزشتہ 6 ماہ میں اوسطا ماہانہ 100 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرتے ہیں۔ منصوبے کے تحت سندھ بھر میں 1 لاکھ 30 ہزار خاندانوں کو مفت سولر سسٹمز فراہم کیے جائیں گے، جس سے نہ صرف بجلی کے بلوں میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ توانائی کی بچت اور ماحول دوست اقدامات کو بھی فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

محکمہ توانائی سندھ کے مطابق صرف وہ صارف اہل ہوں گے جن کا پچھلے 6 ماہ کا بجلی کا استعمال 100 یونٹ سے کم ہو۔

درخواست دہندہ نے پہلے کسی بھی سرکاری اسکیم کے تحت سولر سسٹم حاصل نہ کیا ہو۔درخواست کے طریقہ کارکے مطابق خواہشمند افراد کو اپنے بجلی کے بل اور قومی شناختی کارڈ کے ساتھ درخواست فارم بھرنا ہوگا۔ یہ فارم متعلقہ یونین کونسل چیئرمین یا کسی گزیٹڈ آفیسر سے تصدیق کرانا لازمی ہے۔ تصدیق شدہ فارم محکمہ توانائی سندھ کے پروجیکٹ آف ہوم سولر سسٹم آن گرڈ کے دفتر میں جمع کرایا جائے گا۔درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 اگست 2025 مقرر کی گئی ہے۔حکومت سندھ کے مطابق یہ منصوبہ نہ صرف مہنگائی سے متاثرہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کرے گا، بلکہ بجلی کے بحران پر قابو پانے اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :