سپریم کورٹ نے پی آئی اے میں جعلی ڈگری پر ملازمت سے برطرفی کے معاملے پرسندھ ہائی کورٹ کا حکم امتناع ختم کردیا

بدھ 6 اگست 2025 21:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)سپریم کورٹ نے پی آئی اے میں جعلی ڈگری پر ملازمت سے برطرفی کے معاملے پرسندھ ہائی کورٹ کا حکم امتناع ختم کردیا ہے ۔سپریم کورٹ میں پی آئی اے میں جعلی ڈگری پر ملازمت سے برطرفی کے معاملے پر حکم امتناع کیخلاف وفاقی حکومت کی اپیل کی سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل محسن شاہوانی نے موقف دیا کہ ندیم لودھی جعلی ڈگری پر ایسوسی ایٹ انجینر بھرتی ہوا تھا۔

ڈگری جعلی ثابت ہونے پر پی آئی اے نے شوکاز نوٹس جاری کرکے ملازمت سے برطرف کردیا تھا۔

(جاری ہے)

ندیم لودھی حکم امتناع کے دوران ترقی پاکر آفیسر گریڈ کے گروپ 6 تک پہنچ گئے تھے۔ ندیم لودھی سے 2015 میں ہائی کورٹ سے حکم امتناع حاصل کیا تھا۔ عدالت نے پی آئی اے کو محکمہ جاتی کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔ چیف جسٹس یحیی آفریدی نے ریمارکس دیئے کہ 10 برس سے آپ اسٹے آرڈر پر چل رہے ہیں، ایسا نہیں ہوسکتا۔ ہم حکم امتناع واپس لے رہے ہیں۔ آپ اپنے کیس کی تیاری کریں۔ عدالت عظمی نے سندھ ہائیکورٹ کا جاری کردہ حکم امتناع ختم کردیا۔ وفاقی حکومت نے سندھ ہائیکورٹ کے حکم امتناع کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔