راولپنڈی پولیس نے ضلع بھر میں سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں،دس ملزمان گرفتار

بدھ 6 اگست 2025 21:48

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) راولپنڈی پولیس نے ضلع بھر میں سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے منشیات فروشی ،شراب سپلائی ،غیر قانونی اسلحہ اور چوری میں ملوث دس ملزمان گرفتار کر لئے ۔پولیس ترجمان کے مطابق نیوٹاؤن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کارو موٹر سائیکل چوری کے مقدمات میں ملوث 2 رکنی گینگ کو گرفتار کرلیا،زیر حراست گینگ سے لاکھوں روپے مالیت کی مسروقہ کرولا کار، 5 مسروقہ موٹر سائیکل اور موٹر سائیکل کے پارٹس برآمدہوئے۔

تھانہ آر اے بازار پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پتنگ سپلائر کو گرفتار کرلیا،زیر حراست شخص سے2500 پتنگیں اور 15 ڈوریں برآمدہوئیں۔وارث خان پولیس نے ایک ملزم کو حراست میں لے کر 2 کلو 200 گرام چرس برآمد کی ۔

(جاری ہے)

ٹیکسلا پولیس نے بھی ایک ملزم کو حراست میں لے کر 1 کلو260 گرام چرس برآمد کر لی۔تھانہ بنی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے معمولی تلخ کلامی پر خاتون پر تشدد کرنے والے شخص کو گرفتار کرمقدمہ درج کر لیا۔ تھانہ سٹی پولیس نے د و ملزمان کو حراست میں لے کر10 لیٹر شراب برآمدکی جبکہ چکلالہ پولیس نے ایک ملزم کو حراست میں لے کر ایک بوتل شراب برآمد کرلی۔ ٹیکسلا پولیس نے بھی ایک ملزم کو حراست میں لے کراسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کر کے الگ الگ مقدمات درج کر لیے۔