گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم خان کنڈی کا حطار انڈسٹریل اسٹیٹ کا دورہ ، صنعت کاروں سے ملاقات

بدھ 6 اگست 2025 23:01

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم خان کنڈی نے حطار انڈسٹریل اسٹیٹ میں قائم سلور لیک فوڈ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے صنعتی یونٹس کا معائنہ کیا اور صنعت کاروں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ خیبرپختونخواپر دہشت گردی کا لیبل لگ چکا ہے جس کی وجہ سے سرمایہ کار یہاں آنے سے گریزاں ہیں، ان کی کوشش ہے کہ صوبہ کا سافٹ امیج بلڈ اپ کیا جائے تاکہ سرمایہ کار خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کریں اور عوام کو روزگار کے مواقع میسر آئیں ۔

انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ فیصل آباد اور لاہور کی طرز پر ہری پور میں بھی صنعت کاروں کو تمام بنیادی سہولیات میسر ہوں، انڈسٹری چلے گی تو ملک بھی ترقی کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ زراعت کا شعبہ بھی اس وقت مایوسی کا شکار ہے، کسانوں کو بھی وہی توجہ درکار ہے جس کی صنعت کاروں کو ضرورت ہے۔ اس موقع پر گروپ چیئرمین چوہدری ذوالفقار علی انجم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری انڈسٹری 'سلور لیک فوڈ' نے گزشتہ سال سات ارب روپے کی ایکسپورٹ کی ہے اور آج ہماری انڈسٹری کی ملک بھر میں پھیلی شاخوں میں ہزاروں افراد کام کر رہے ہیں، اگر حکومت صنعتکاروں کا ساتھ دے تو ملک تیزی سے ترقی کر سکتا ہے، ہمیں صرف سازگار ماحول، سستی توانائی اور کاروبار دوست پالیسیوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقامی صنعتیں نہ صرف روزگار فراہم کرتی ہیں بلکہ پاکستان کے لیے زرمبادلہ کمانے کا بھی اہم ذریعہ ہیں۔قبل ازیں مینیجنگ ڈائریکٹر سلور لیک فوڈ قادر محمود نے منسٹریز،ورکرز ویلفیئر بورڈ،ووکیشنل ٹریننگ اور ہسپتال جیسے ایشوز پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی کو چوہدری ذوالفقار علی انجم نے روایتی پگڑی بھی پہنائی اور شیلڈز بھی پیش کیں۔