پہلی بین الاقوامی کریمنالوجی کانفرنس کا آغاز ،مقررین کا انصاف کے نظام میں اصلاحات کی ضرورت پر زور

بدھ 6 اگست 2025 20:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) یونیورسٹی آف پشاور کے باڑہ گلی کیمپس میں پہلی بین الاقوامی کریمینالوجی کانفرنس کا بدھ کے روز باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس سید محمد عتیق شاہ اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے۔ تقریب سے چیف جسٹس سید محمد عتیق شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ناقص تفتیش ہے اور یہ نا انصافی معاشرے کے لیے زہر قاتل ہے،انہوں نے انصاف کے عمل میں شفافیت اور احتساب پر زور دیا۔

ڈاکٹر بشارت حسین چیئرمین شعبہ کریمنالوجی پشاور یونیورسٹی نے خطبہ استقبالیہ میں پاکستان کے فوجداری انصاف کے نظام پر روشنی ڈالتے ہوئے نوآبادیاتی دور کے قوانین میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔ پشاور یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر سجاد احمد ڈین فیکلٹی آف منیجمنٹ سائنسز ،پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال ڈین فیکلٹی آف نومیریکل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر جمیل چترالی ڈائریکٹر پیس اینڈ کنفلیکٹ سڈیز، پروفیسر ڈاکٹر سید منہاج الحسن سابق ڈین آمیں اینڈ ہیومینیٹیز، ڈاکٹر ذاکراللہ جان سابقہ وائس چانسلر سٹی یونیورسٹی اور اختر علی ڈائریکٹر نیب نے کریمینالوجی کانفرنس کے انعقاد کو تعلیمی اور عملی میدان کے درمیان خلا کو پُر کرنے کی اہم کوشش قرار دیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح روزن پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر بابر بشیر نے کہا کہ فوجداری نظامِ انصاف صرف کسی ایک ادارے کی نہیں بلکہ تمام فریقین کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور سول سوسائٹیز کو اس میں مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔کانفرنس کے پہلے روز کے اختتامی سیشن میں تحقیقی مقالہ جات کی پیشکش کے تین اجلاس منعقد ہوئے، جن میں ملکی ماہرین نے فوجداری انصاف، سماجی اصلاحات اور دیگر موضوعات پر تحقیقی مقالات پیش کئے۔

اختتام پر شرکاء نے نتھیا گلی بازار کا دورہ بھی کیا۔یاد رہے کہ تین روزہ کریمینالوجی سیمینار کا اختتامی سیشن 8اگست بروزجمعہ پشاور یونیورسٹی کے باڑہ گلی کیمپس میں منعقد ہوگا۔اس موقع پر وزیراعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔