طالبات کی صحت مند سرگرمیوں کے لئے کھیل لازمی ہیں، رانا ثنا اللہ

کھیلوں میں حصہ نہ لے سکنے والے طالبعلم صحت مند نہیں کہلا سکتے، تقریب سے خطاب

بدھ 6 اگست 2025 21:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ طلبہ کی صحت مندانہ زندگی کے لئے کھیلوں میں شمولیت بے حد ضروری ہے، جو طالبعلم کھیلوں میں حصہ نہیں لیتے وہ صحت مند نہیں کہلا سکتے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اسلام آباد کالج فار گرلز ایف 6 میں پیڈل کورٹ کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبر، سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محمد محی الدین وانی اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کو بھی اہمیت دی جانی چاہئے تاکہ طلبہ ذہنی اور جسمانی دونوں لحاظ سے فِٹ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی تعلیم پوری قوم کی تعلیم کے مترادف ہے اور حکومت اس شعبے کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے تین کالجز میں پہلے ہی پیڈل کورٹ قائم کئے جا چکے ہیں جہاں طلبہ کے لئے ذہنی کھیلوں کے کمرے اور ٹریک سوٹ بھی فراہم کئے گئے ہیں۔ رانا ثنا اللہ نے اعلان کیا کہ آئندہ دنوں میں مزید پیڈل اور فو ٹ سال کورٹس تعمیر کئے جائیں گے۔انہوں نے سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین احمد وانی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسلام آباد میں تعلیم اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لئے مثالی اقدامات کئے ہیں۔

پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبر نے اس موقع پر رانا ثنا اللہ اور محی الدین وانی کو اس مثبت قدم پر مبارکباد دی اور کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق تعلیم اور صحت دونوں حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔پرنسپل اسلام آباد کالج فار گرلز شازیہ شمیم نے پیڈل کورٹ کے قیام پر رانا ثنا اللہ، فرح ناز اکبر اور محی الدین وانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے کالج کی طالبات کو مثبت سرگرمیوں کے بہترین مواقع ملیں گے۔تقریب کے اختتام پر رانا ثنا اللہ نے پیڈل کورٹ کا افتتاح کیا اور انہیں یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔