منہ سے بدبو آنا جگر، معدہ یا گلے کی بیماریوں کا عندیہ ہو سکتا ہے ،ڈاکٹر ارشد جاوید

بدھ 6 اگست 2025 21:40

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) نیشنل فریش بریتھ ڈے یعنی "تازہ سانس کے قومی دن" کے موقع پر گورنمنٹ خواجہ صفدر میڈیکل کالج سیالکوٹ میں بیداری شعور پر مبنی تقریب منعقد ہوئی، جس کی صدارت سینئر ڈینٹل سرجن ڈاکٹر ارشد جاوید نے کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں ڈاکٹر ارشد جاوید نے کہا کہ تازہ سانس صرف خوشبو یا معاشرتی وقار کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ ایک صحت مند طرزِ زندگی اور جسمانی تندرستی کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ منہ سے بدبو آنا اکثر دانتوں، مسوڑھوں یا زبان کی صفائی میں کوتاہی کا نتیجہ ہوتا ہے اور بعض اوقات یہ جگر، معدے یا گلے کی بیماریوں کا عندیہ بھی دے سکتا ہے۔ ڈاکٹر ارشد جاوید نے زور دیا کہ روزمرہ زندگی میں منہ کی صفائی کو معمول کا حصہ بنایا جائے، جیسے دن میں دو مرتبہ دانت صاف کرنا، زبان کی صفائی، اینٹی سیپٹک ماؤتھ واش کا استعمال اور میٹھی اشیا سے پرہیز۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ہر تیسرا فرد منہ کی بدبو یا دانتوں کی کسی نہ کسی بیماری میں مبتلا ہے لیکن بدقسمتی سے لوگ اسے سنجیدہ نہیں لیتے، جس کے باعث مسائل بڑھ جاتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ اپنی صحت کے بارے میں حساس ہوں کیونکہ ایک صحت مند مسکراہٹ صرف خوبصورتی نہیں بلکہ اعتماد اور کامیاب سماجی زندگی کی بنیاد ہے۔

ڈاکٹر ارشد جاوید نے والدین، اساتذہ اور طبی ماہرین پر بھی زور دیا کہ وہ بچوں کو چھوٹی عمر سے ہی منہ کی صفائی کی تربیت دیں تاکہ آنے والی نسل ایک صحت مند معاشرہ تشکیل دے سکے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل فریش بریتھ ڈے منانے کا مقصد عوام کو یہ باور کروانا ہے کہ سانس کی تازگی صرف وقتی خوشبو نہیں بلکہ اندرونی تندرستی کی پہچان ہے اور اس میں لاپرواہی مہلک نتائج پیدا کر سکتی ہے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء میں آگاہی مواد تقسیم کیا گیا اور کالج انتظامیہ نے سینئر ڈینٹل سرجن ڈاکٹر ارشد جاوید کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں اعزازی شیلڈ پیش کی۔