خیبر پختونخوا انفارمیشن کمیشن میں شہریوں کی شکایات کی سماعت،کمیشن نے غیر حاضری پر ڈی جی آف ہیلتھ سروسز کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا

بدھ 6 اگست 2025 21:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)خیبر پختونخوا انفارمیشن کمیشن پشاور نے شہریوں کی شکایات پر مختلف کیسز کی سماعت کی۔ سماعت میں ایل آر یچ، خیبر میڈیکل کالج، اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ سمیت مختلف اداروں کے پبلک انفارمیشن آفیسرز کمیشن میں پیش ہوئے۔ معلومات کی عدم فراہمی اور سماعت سے غیر حاضری پر کمیشن نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

جبکہ3 مختلف کیسز میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ، اور پی ایم آئی یو ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے معلومات فراہم کردیں۔ اس کے علاوہ خیبر میڈیکل کالج، خیبر ٹیچنگ ہسپتال اور پلاسٹک سرجری سنٹر پشاور نے مطلوبہ معلومات ایک ہفتے میں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

مردان سے ضیااللہ سمدانی نامی شہری نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال سے 2022 میں فارمیسی منیجر کے پوسٹ پر بھرتی سے متعلق تفصیلات مانگی تھیں۔

جس کی سماعت میں ایل آر ایچ کے پبلک انفارمیشن آفیسر نے مطلوبہ معلومات فراہم کردیں، جبکہ اسی ادارے سے پشاور کے شہزاد نامی شہری نے ایک فرم کی جانب سے فراہم کردہ میڈیکل اور سرجیکل آئٹمز کی تفصیلات مانگی تھیں، جس کی تفصیلات فراہم کرنے کیلئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال نے ایک ہفتے کا وقت مانگ لیا۔ ایک اور کیس جس میں ڈاکٹر شاندانہ عامر نامی شہری نے خیبر میڈیکل کالج سے فارماکالجی ڈیپارٹمنٹ کی چئیر پرسن کی سلیکشن سے متعلق تفصیلی معلومات مانگی تھیں، جس کی سماعت میں پبلک انفارمیشن آفیسر نے معلومات فراہم کر دیں تاہم کمیشن نے فراہم کردہ معلومات کو ناکافی قرار دیتے ہوئے مکمل معلومات ایک ہفتے میں فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے۔

اس کے علاوہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، اورڈائریکٹوریٹ آف ڈرگز کنٹرول اینڈ فارمیسی سروز نے مطلوبہ معلومات فراہم کیں ۔ جبکہ سماعت سے غیر حاضری پر کمیشن نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔