لیسکو چیف ایگزیکٹو آفیسر کا لاہور پریس کلب کے احاطے میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کاآغاز

بدھ 6 اگست 2025 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے بدھ کے روز یہاں لاہور پریس کلب کے احاطے میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اس موقع پرلیسکو کے اعلی افسران، صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری اور میڈیا نمائندگان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔تقریب کا مقصد ماحولیاتی بہتری اور گرین پاکستان وژن کو فروغ دینا تھا۔

اس موقع پرچیف ایگزیکٹو لیسکو، انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا کہ شجرکاری نہ صرف ماحول کو صاف رکھنے کا ذریعہ ہے بلکہ یہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ اور صحت مند مستقبل کی ضمانت بھی ہے۔درختوں کی موجودگی انسانی صحت،موسمی توازن اور زمینی خوبصورتی کے لئے نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ لیسکو ماحول دوست پالیسیوں کو اپناتے ہوئے نہ صرف توانائی کے شعبے میں بہتری لا رہی ہے بلکہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

صدر لاہور پریس کلب نے لیسکو کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا اس قسم کے دوست ماحول اور عوامی مفاد کے منصوبوں کو اجاگر کرتا رہے گا۔تقریب کے اختتام پر چیف ایگزیکٹو لیسکو اور صدر پریس کلب لاہورنے شجرکاری مہم کو فروغ دیتے ہوئے مزید پودے لگانے کے عزم کا اظہار کیا تاکہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جاسکے اور موسمی تبدیلیوں کے منفی اثرات کو کم کیا جاسکے۔