ضلعی انتظامیہ راولپنڈی ستھرا پنجاب مہم، انسداد ڈینگی اقدامات اور تجاوزات کے خلاف کارروائی میں مصروف عمل

بدھ 6 اگست 2025 22:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ "ستھرا پنجاب" مہم، انسداد ڈینگی اقدامات، تجاوزات کے خلاف کارروائی اور یومِ آزادی کے سلسلے میں تقریبات کی تیاریوں میں دن رات مصروف عمل ہے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ کی ہدایت پر تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اپنی اپنی حدود میں ہمہ وقت متحرک ہیں اور مختلف محاذوں پر ایک مربوط حکمتِ عملی کے تحت اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ضلعی ترجمان کے مطابق ڈینگی کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے یونین کونسل سطح پر روزانہ کی بنیاد پر سویپنگ، لاروہ سرویلنس، فوگنگ اور گھر گھر وزٹ کیے جا رہے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنرز مقامی محکمہ صحت، میونسپل کارپوریشن اور واسا کے عملے کے ہمراہ فیلڈ میں موجود رہ کر ان سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب "ستھرا پنجاب" مہم کے تحت صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے کوڑا کرکٹ کے فوری طور پر نکاس، صفائی کے عملے کی کارکردگی کی مانیٹرنگ اور عوامی مقامات پر صفائی یقینی بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

تمام تحصیلوں میں کچرا پھینکنے والوں کے خلاف چالان اور جرمانے بھی کیے جا رہے ہیں۔انسداد تجاوزات مہم کے تحت غیر قانونی تھڑوں، فٹ پاتھوں پر قبضے اور سڑک کنارے رکاوٹیں ہٹانے کے لیے بھرپور ایکشن جاری ہے۔ درجنوں مقامات سے تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں سہولت میسر آ سکے۔چودہ اگست کی تیاریوں کے سلسلے میں تمام تحصیلوں میں پرچم کشائی کی تقریبات، واکس، تقریری و ملی نغموں کے مقابلے اور دیگر سرگرمیوں کے انعقاد کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

تعلیمی اداروں، سرکاری دفاتر اور پارکوں کو قومی پرچموں اور جھنڈیوں سے سجایا جا رہا ہے جبکہ سیکیورٹی، ٹریفک اور عوامی سہولت کے لیے بھی تمام متعلقہ اداروں کو متحرک کر دیا گیا ہے۔ضلعی ترجمان کے مطابق تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز مہمات کی موثر مانیٹرنگ کررہے ہیں دن رات اپنی تحصیلوں کے دور دراز علاقوں کادورہ کررہے ہیں ۔ترجمان کے مطابق ڈپٹی کمشنرراولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ ان تمام سرگرمیوں بذات خودنگرانی کررہے ہیں اور انہوں نے کہا ہے کہ کارکردگی کی بنیاد پر افسران کی حوصلہ افزائی اور غفلت پر کارروائی کی جائے گی۔ ضلع راولپنڈی کی عوامی فلاح کے لیے یہ سرگرمیاں بلاتعطل جاری رہیں گی۔