لیسکو نے شاہدرہ کے علاقے میں کرنٹ لگنے سے چار افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کو دکاندار کی غلطی قرار دیا

بدھ 6 اگست 2025 23:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے شاہدرہ کے علاقے میں کرنٹ لگنے سے چار افراد کے جاں بحق ہونے کو دکاندار کی غلطی قرار دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق مذکورہ حادثے میں چاروں افراد اپنی مدد آپ کے تحت رسی کی مدد سے لوہے کا بڑا سائن بورڈ چھت پر چڑھا رہے تھے کہ وہ اچانک پھسل کر بجلی کی تاروں سے ٹکرا گیا۔

جس کی وجہ سے بورڈ میں کرنٹ آیا اور چاروں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق بورڈ کو چھت پر چڑھانے کے اس عمل کی لیسکو کے کسی دفتر یا فرد کو پیشگی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔ لیسکو حکام نے یہ بھی بتایا کہ اس المناک حادثے کی اطلاع ملتے ہی چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے فوری انکوائری کا حکم دیا جس میں مذکورہ بالا تمام حقائق منظر عام پر آئے۔ لیسکو انتظامیہ چار قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتی ہوئے اللہ تعالی سے مرحومین کی مغفرت اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرنے کیلئے دعا گو ہے۔

متعلقہ عنوان :