شام: سویدا میں جنگ بندی معاہدہ کے باوجود فرقہ وارانہ تصادم جاری

یو این جمعرات 7 اگست 2025 04:00

شام: سویدا میں جنگ بندی معاہدہ کے باوجود فرقہ وارانہ تصادم جاری

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 07 اگست 2025ء) شام کے علاقے سویدا میں جنگ بندی کے لیے معاہدہ طے پانے کے باوجود پرتشدد واقعات جاری ہیں جہاں امداد کی رسائی میں حائل رکاوٹوں کے باعث لوگوں کو بنیادی ضروریات کی تکمیل میں مشکلات کا سامنا ہے۔

امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر (اوچا) نے بتایا ہے کہ یکم اور 5 اگست کے درمیان سویدا اور گردونواح میں حالات کشیدہ رہے اور تین جگہوں پر لڑائی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

سویدا اور درآ میں متعدد مقامات پر اسرائیلی فوج کی جانب سے فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ دارالحکومت دمشق سمیت علاقے میں کئی جگہوں پر عوامی مظاہرے بھی ہوئے ہیں جن میں امداد کی رسائی اور تحفظ کی صورتحال کو بہتر بنانے کے مطالبات کیے گئے۔

(جاری ہے)

ملک کے اس جنوبی علاقے میں کئی ہفتے فرقہ وارانہ تشدد، اسرائیلی فضائی حملوں اور حقوق کی سنگین پامالی کے واقعات رونما ہونے کے بعد 19 جولائی کو جنگ بندی عمل میں آئی تھی۔

ان واقعات میں سیکڑوں افراد کی ہلاکت ہوئی جبکہ سویدا، درآ اور دمشق کے دیہی علاقوں سے ایک لاکھ 90 ہزار سے زیادہ لوگوں نے نقل مکانی کی۔ لڑائی کے نتیجے میں اہم تنصیبات اور روزگار کو بھی شدید نقصان پہنچا جبکہ بجلی کا نظام، پانی فراہم کرنے کی تنصیبات اور اہم سرکاری سہولیات بری طرح متاثر ہوئیں۔

امدادی کوششیں جاری

'اوچا' نے بتایا ہے کہ علاقے میں امادی رسائی میں بدستور مشکلات حائل ہیں جبکہ اقوام متحدہ اور اس کے شراکت دار لوگوں کو مدد پہنچانے کی ہرممکن کوشش کر رہے ہیں۔

سلامتی سے متعلق خدشات کے باعث سویدا اور دمشق کے مابین مرکزی شاہراہ 12 جولائی سے ناقابل رسائی ہے۔

بصرہ الشام کے راستے مشرقی درآ کی جانب جانے والا راستہ 24 گھنٹے بند رہنے کے باعث امداد کی فراہمی متاثر ہوئی تاہم سوموار کو یہ راستہ کھول دیا گیا۔ ادارے نے بتایا ہے کہ امدادی اداروں نے ایندھن اور خوراک سمیت کئی طرح کی مدد پہنچانے کے لیے اپنی کوششوں میں اضافہ کیا ہے، تجارتی قافلوں کو سہولت فراہم کی جا رہی ہے اور بے گھر آبادی کو پناہ مہیا کرنے کے اقدامات بھی جاری ہیں۔

بین الاداری مشن

کشیدگی شروع ہونے کے بعد امدادی اداروں نے تقریباً 15 لاکھ لوگوں کو روٹی فراہم کی ہے۔ اوچا نے پناہ کی ضروریات کا جائزہ لینے کے لیے ایک بین الاداری مشن درآ میں بھیجا تاکہ بے گھر لوگوں کی رہائش کے لیے وسط مدتی اقدامات پر بات چیت کی جا سکے۔

سویدا میں ضروری خدمات کی بحالی بھی جاری ہے اور ہنگامی اقدامات کی بدولت بجلی کو جزوی طور پر بحال کیا گیا ہے۔ دیہی علاقوں میں پانی اور بجلی کے نظام کو دوبارہ چالو کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں جبکہ علاقے بھر میں مواصلاتی اور انٹرنیٹ رابطے تاحال معطل ہیں۔