نائورونے ماحولیاتی اقدامات کی مالی معاونت کے لیے پہلی بار پاسپورٹس فروخت کرنا شروع کر دیئے

جمعرات 7 اگست 2025 12:37

سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) بحرالکاہل کی دور افتادہ چھوٹی ریاست نائورو نے ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مالی وسائل اکٹھا کرنے کی خاطر پاسپورٹس فروخت کرنا شروع کر دیے ہیں تاہم اب تک وہ نئے شہریوں کوسطح سمندر سے کم بلند اور زیادہ تر بنجر جزیرے کی طرف راغب کرنے میں ناکام رہی ہے۔اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق دنیا کی سب سے چھوٹی ریاستوں میں سے ایک نائورو نے ماحولیاتی تبدیلی سے مقابلے کے لیے ایک لاکھ 5ہزار امریکی ڈالر فی پاسپورٹ کے عوض"گولڈن پاسپورٹس" فروخت کرنے کا نیا منصوبہ متعارف کرایا ہے۔

ناورو کی حکومت کو توقع ہے کہ "کلائمٹ ریزیلینس سٹیزن شپ" پروگرام کے پہلے سال 50 لاکھ ڈالر سے زائد رقم اکٹھی کر لی جائے گی تاہم فروری میں اس اسکیم کے آغاز کے تقریباً چھ ماہ بعد اب تک صرف چھ درخواستیں منظور کی گئی ہیں جن میں دو خاندان اور چار انفرادی افراد شامل ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت کو امید ہے کہ اسکیم کے پہلے سال میں 66 پاسپورٹس فروخت کیے جا سکیں گے۔

صدر ڈیوڈ آڈیانگ نے جمعرات کو اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ہم اپنے نئے شہریوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، جن کی سرمایہ کاری نائورو کو ایک پائیدار اور خوشحال مستقبل کی طرف لے جانے میں مدد دے گی۔نائورو حکومت کو یقین ہے کہ پاسپورٹ پروگرام سے 43 ملین امریکی ڈالر جمع ہو سکتے ہیں جو حکومت کی کل آمدنی کا 20 فیصد تک ہو سکتا ہے تاہم بعض ماہرین کو خدشہ ہے کہ یہ اسکیم غلط استعمال کا شکار ہو سکتی ہے۔نائورو اس سے قبل بھی پاسپورٹس فروخت کرنے کی ایک کوشش کر چکا ہے جو ناکامی سے دوچار ہوئی تھی۔

متعلقہ عنوان :